پاک بھارت میچ کہاں کھیلا جائے، اعلان جلد متوقع

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں پاک بھارت میچ کی دھرم شالہ سے منتقلی کا مطالبہ کیا ہے اور امکان ہے کہ بھارت کی جانب اس سلسلے میں اعلان چند گھنٹوں میں متوقع ہے۔
بھارت سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 19 مارچ کو ہونے والا یہ میچ دھرم شالہ کے بجائے اب کولکتہ منتقل کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے بھارت جانے یا نہ جانے سے متعلق فیصلہ وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیرِ اعظم نواز شریف کے درمیان ملاقات میں کیا جانا تھا لیکن لیکن اس ملاقات کے ختم ہونے بعد بھی کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سکیورٹی خدشات کے سبب دھرم شالہ میں یہ میچ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن اور بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر بدھ کی سہ پہر دہلی میں پریس کانفرنس کرنے والے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان نے بی بی سی کو بتایا کہ دھرم شالہ میں سکیورٹی کے خدشات کے بارے میں انھوں نے آئی سی سی کو مطلع کر دیا ہے اور انھیں امید ہے کہ آئی سی سی اس میچ کو دھرم شالہ سے کہیں اور منتقل کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔
یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ ٹی 20 میں شرکت کا انحصار حکومت کی اجازت پر ہے۔
پاکستانی حکومت کی بھارت بھیجی گئی سکیورٹی ٹیم نے دھرم شالہ میں میچ کے بارے میں خدشات ظاہر کیے ہیں۔ یہ خدشات ہماچل پردیش میں پاکستانی ٹیم کے خلاف پائے جانے شدید ردعمل کے سبب ظاہر کیے ہیں۔
ریاستی وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی ٹیم کے خلاف دھرم شالہ میں سابق فوجیوں کی طرف سے ردعمل ہوا تو وہ اسے روک نہیں سکتے۔ یہ ردعمل پٹھان کوٹ کے واقعے کے بعد پیدا ہوا ہے کیونکہ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے دو فوجیوں کا تعلق دھرم شالہ سے تھا۔
بھارت جانے والی سکیورٹی ٹیم کی رپورٹ وزارت داخلہ کو دیے جانے کے بعد بدھ کو وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے وزیراعظم نواز شریف میں ملاقات ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام میچ کو دھرم شالہ سے منقتل کرنے اور آئی سی سی سے میچ نہ ہونے کی صورت میں پوائنٹس پاکستان کو دیے جانے کا مطالبہ کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے بارے میں ابھی تک بھارتی حکومت کی جانب سے کوئی یقین دہانی سامنے نہیں آئی۔ جب تک یہ یقین دہانی بھارتی حکومت کی جانب سے نہیں کرائی جاتی ٹیم بھارت نہیں جا سکتی۔

،تصویر کا ذریعہAP
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام آئی سی سی سے مسلسل رابطے میں ہیں تاہم انھوں نے یہ بات واضح کر دی ہے کہ پاکستانی ٹیم کو بھارت بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ پاکستانی حکومت کرے گی۔



