احمد شہزاد کی واپسی یقینی دکھائی دیتی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
اطلاعات کے مطابق اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کو آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
انہیں آؤٹ آف فارم خرم منظور کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جائے گا ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے اس بارے میں کپتان شاہد آفریدی کو اعتماد میں لے لیا ہے اور وہ بھی احمد شہزاد کی واپسی کے حق میں ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ چیف سلیکٹر ہارون رشید ٹیم میں ممکنہ تبدیلی کے بارے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقاریونس سے بات کرنے والے ہیں جو ہفتے کی شب ڈھاکہ سے وطن واپس لوٹے ہیں۔
سلیکشن کمیٹی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ایشیا کپ میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سلیکٹرز ٹیم میں زیادہ تبدیلیوں کے حق میں نہیں ہیں البتہ اوپنر خرم منظور ٹیم میں جگہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خرم منظور ٹیم میں جگہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے خرم منظور کو قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں تین سو نو رنز بنانے کی عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر پاکستانی ٹیم میں شامل کا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے وہ ایشیا کپ کے تین میچوں میں بالترتیب دس، صفر اور ایک رن بناسکے ۔
احمد شہزاد پاکستان کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سنچری بنانے والے واحد بیٹسمین ہیں لیکن سنہ 2014 کے ورلڈ ٹی 20 میں بنگلہ دیش کے خلاف سنچری کے بعد سے وہ 15ہ اننگز میں صرف ایک نصف سنچری بنا سکے ہیں اور اسی مایوس کن کارکردگی کے سبب انہیں ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی 20 سکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔
احمد شہزاد کی ٹیم میں واپسی اس لحاظ سے بھی حیران کن ہوگی کہ دس فروری کو ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے بعد وہ پاکستان سپر لیگ کے آخری چھ میچوں میں بھی صرف ایک نصف سنچری بناسکے تھے۔



