پشاور زلمی کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کامیابی

،تصویر کا ذریعہPSL
شارجہ میں پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پشاور زلمی نے 19 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پرمقررہ ہدف حاصل کر لیا۔
اس سے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو 153 رنز کے ہدف دیا تھا۔
اس سے قبل پشاور کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کراسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تو اسلام آباد یونائیٹڈ نے خالد لطیف کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔
خالد لطیف نے چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 59 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر کیچ ہوئے۔
ان کے علاوہ مصباح الحق اور شرجیل خان نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور بالترتیب 32 اور 28 رنز بنائے۔
پشاور کے لیے محمد اصغر اور وہاب ریاض دو، دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ شان ٹیٹ اور جنید خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔

،تصویر کا ذریعہPSL
شاہد آفریدی تین اوورز میں 38 رنز دینے کے باوجود کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ریگولر کپتان مصباح الحق کی واپسی ہوئی جو پنڈلی میں تکلیف کی وجہ سے گذشتہ دو میچ نہیں کھیل پائے تھے۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں دوسرا موقع ہے کہ یہ دونوں ٹیمیں مدِمقابل آئی ہیں۔ گذشتہ میچ میں پشاور کی ٹیم نے 24 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی کا پانچواں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا چھٹا میچ ہے۔
اب تک کھیلے گئے چار میچوں کے بعد پشاور زلمی تین فتوحات کے نتیجے میں چھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔
اس کے برعکس اسلام آباد کی ٹیم اپنے پانچ میچوں میں سے دو ہی جیت سکی ہے اور ٹیبل پر اس کے پوائنٹس تو کراچی کنگز کے برابر ہیں لیکن کم تر رن اوسط کی وجہ سے اس کی پوزیشن چوتھی ہے۔



