بوپارا کی چھ وکٹیں، کراچی کی پی ایس ایل میں دوسری فتح

بوپارا نے صرف 16 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں جو اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی بولر کی بہترین کارکردگی ہے

،تصویر کا ذریعہPSL

،تصویر کا کیپشنبوپارا نے صرف 16 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں جو اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی بولر کی بہترین کارکردگی ہے

متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ میں روی بوپارا کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 27 رنز سے شکست دے دی ہے۔

شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی نے بوپارا کی نصف سنچری کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے تھے۔

جواب میں لاہور کی ٹیم بوپارا کی ہی نپی تلی بولنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز ہی بنا سکی۔

روی بوپارا نے صرف 16 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں جو اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی بولر کی بہترین کارکردگی ہے۔ انھیں اس کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

لاہور کی جانب سے کیمرون ڈیل پورٹ اور کرس گیل نے ٹیم کو ایک اچھا کا آغاز دیا لیکن اس کے بعد کراچی کے بولر یکے بعد دیگرے وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔

آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز کیمرون ڈیل پورٹ تھے جو نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 55 کے سکور پر سٹمپ ہوئے۔ اس وقت لاہور قلندرز کا سکور 98 رنز تھا۔

اسی سکور پر کرس گیل بھی دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنانے کے بعد روی بوپارا کی گیند پر کیچ ہوگئے۔

بوپارا نے 36 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے نصف سنچری بنائی

،تصویر کا ذریعہPSL

،تصویر کا کیپشنبوپارا نے 36 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے نصف سنچری بنائی

اسی اوور میں مجموعی سکور میں ایک رن کے اضافے کے بعد ٹیم کے کپتان ڈووین براوو بھی باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔

بوپارا نے اپنے تیسرے اوور میں مزید تین وکٹیں لے کر لاہور کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔

انھوں نے پہلے لگاتار دو گیندوں پر محمد رضوان کو بولڈ اور پھر حماد اعظم کو ایل بی ڈبلیو کیا اور اوور کی آخری گیند پر نوید یاسین کیچ آؤٹ ہوئے۔

آخری اوور میں انھوں نے عمر اکمل کی اہم وکٹ لے کر اپنی ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کر دی۔

اس سے قبل جمعے کی شام لاہور کے کپتان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔

کراچی کی اننگز کی خاص بات روی بوپارا کی عمدہ بلے بازی تھی۔ انھوں نے 36 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے نصف سنچری بنائی اور 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ان کے علاوہ اوپنر نعمان انور نے 35 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اس دوران ان کے دو کیچ بھی ڈراپ ہوئے۔

اس میچ میں لاہور کی ٹیم نے انتہائی ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا اور چھ کیچ چھوڑے۔

لاہور قلندرز کی کپتانی کی ذمہ داری ڈووین براوو کو سونپی گئی ہے

،تصویر کا ذریعہPSL

،تصویر کا کیپشنلاہور قلندرز کی کپتانی کی ذمہ داری ڈووین براوو کو سونپی گئی ہے

لاہور کی جانب سے ظفر گوہر اور زوہیب خان نے دو، دو جبکہ کیون کوپر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کا پانچواں میچ تھا۔اب تک کھیلے گئے پانچ میچوں میں سے کراچی نے دو جبکہ لاہور نے صرف ایک میچ ہی جیتا ہے۔

کراچی کنگز نے اپنی دونوں فتوحات لاہور قلندرز کے خلاف ہی حاصل کی ہیں جبکہ لاہور نے ٹورنامنٹ کی ٹاپ فیورٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہرایا تھا۔

لاہور کی ٹیم اس وقت دو پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہے جبکہ کراچی کی ٹیم کی چار پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن ہے۔