آکلینڈ: تیسرے ون ڈے میں پاکستان کی شکست

،تصویر کا ذریعہGetty
آکلینڈ میں کھیلے جانے والے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کو تین وکٹوں شکست ہو گئي ہے اور اسی کے ساتھ دو صفر سے نیوزی لینڈ نے سیریز جیت لی ہے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز کے دوران بارش کے سبب میچ کو روکنا پڑا اور جب دوبارہ کھیل شروع ہوا تو نیوزی لینڈ کے لیے ہدف کم کردیا گیا۔
اس سے قبل پاکستان نے 290 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 291 رنز کا ہدف دیا۔
بارش کے بعد جب دوبارہ کھیل شروع ہوا تو نیوزی لینڈ کو 45 گیندوں میں جیت کے لیے 53 رنز بنانے تھے اور اس نے مزید دو وکٹوں کے نقصان پر یہ ہدف دو گیند قبل حاصل کر لیا۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے تھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور برینڈن میکلم نے اننگز کا آغاز کیا۔ محمد عامر نے اپنے پہلے اوور کی پہلی گیند پر میکلم کو صفر پر آؤٹ کیا جبکہ مارٹن گپٹل نے 82 رنز بنائے اور انھیں اظہر علی نے آؤٹ کیا۔ کین ولیمسن نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 84 رنز بناکر اظہرعلی کا شکار بنے۔
گپٹل کو ان کی عمدہ اننگز کے لیے مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم 47.3 اووروں میں 290 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ایک موقع پر پاکستان ٹیم تین سو سے زیادہ رنز بنانے کی پوزیشن میں دکھائی دے رہی تھی لیکن اننگز کے آخری اووروں میں نیوزی لینڈ کے بولروں نے اچھی بولنگ کرتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں کو تین سو کا ہندسہ عبور کرنے نہ دیا۔
پاکستان کی جانب سے ابتدائی دو وکٹیں گر جانے کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم نے ذمہ دارنہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 134 رنز بنائے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
محمد حفیظ نے 60 گیندوں پر پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 76 جبکہ بابر اعظم نے 77 گیندوں پر ایک چھکے اور دس چوکوں کی مدد سے 83 رنز بنائے۔
ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور یکے بعد دیگرے پاکستانی وکٹیں گرتی رہیں۔
تیسرے ایک روزہ میچ کے لیے ٹیم میں شامل کیے جانے والے شعیب ملک 27 گیندوں پر 32 اور سرفراز احمد 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
وہاب ریاض 11، محمد عامر ایک اور محمد رضوان 16 رنز ہی سکور کر سکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملن نے تین، میٹ ہینری اور ٹرینٹ بولٹ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صرف 20 کے مجموعی سکور پر دونوں پویلین لوٹ گئے۔
آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی احمد شہزاد تھے جو 12 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اظہر علی تھے جو اگلے ہی اوور میں میٹ ہینری کی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ انھوں نے تین رنز بنائے تھے۔
ٹاس کے موقع پر نیوزی لینڈ کی ٹیم میں واپسی کرنے والے برینڈن میکلم کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ پہلے فیلڈنگ ہی کرتے۔
سیریز برابر کرنے کے لیے پاکستان کے لیے یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری ہے۔
تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔

،تصویر کا ذریعہg
آکلینڈ میں کھیلے جانے والے تیسرے میچ میں پاکستان ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور مک کلینیگن کی جگہ برینڈن میکلم کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم، انور علی اور صہیب مقصود کی جگہ شعیب ملک، محمد رضوان اور راحت علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پہلا میچ نیوزی لینڈ نے جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ بارش کی وجہ سے رد کر دیا گیا۔



