سنچورین ٹیسٹ میں انگلینڈ کو شکست

،تصویر کا ذریعہGetty
سنچورین میں کھیلے جانے والے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے 280 رنز سے کامیابی حاصل کر لی ہے جبکہ انگلینڈ نے ایک کے مقابلے دو میچوں سے یہ سیریز جیت لی ہے۔
آخری دن انگلینڈ کی ٹیم بالکل ہی بے رنگ نظر آئی اور 381 رنز کے تعاقب میں 101 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ کگیسو رباڈا نے اس میچ میں مجموعی طور پر 13 وکٹیں حاصل کیں۔ انھوں نے دوسری اننگز میں 32 رنز کے عوض چھ وکٹیں لیں۔
انھیں بہترین کارکردگی کے لیے مین آف دا میچ قرار دیا گیا جبکہ انگلینڈ کے بین سٹوک کو مین آف دا سیریز قرار دیا گیا۔
آج صبح 49 رنز کے اضافے پر انگلینڈ کی سات وکٹیں گریں۔چوتھے دن کھیل کے اختتام پرانگلینڈ نے دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ہاشم آملہ کی عمدہ بلے بازی کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز پر اپنی دوسری اننگز کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ اس طرح اس نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 381 رنز کا ہدف دیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
دوسری اننگز میں انگلینڈ کا آغاز بہتر نہیں تھا اور 18 رنز پر اس کی تین وکٹیں گر گئی تھیں۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز دوسری اننگز میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ ہاشم آملہ دوسری اننگز میں سنچری بنانے ناکام رہے۔ انھوں نے پہلی اننگز میں سنچری بنائی تھی۔
تیسرے دن انگلینڈ کی ٹیم جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز 475 رنز کے جواب میں 342 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
چار میچ کی سیریز میں انگلینڈ کو دو صرف کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔



