کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم

،تصویر کا ذریعہGetty
کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ ٹیسٹ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا ہے۔
چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بین سٹوکس کی ڈبل سنچری اور جونی بیرسٹو کی سنچری کی بدولت چھ وکٹوں کے نقصان پر 629 رنز بنائے جبکہ اس کے جواب میں جنوبی افریقہ نے ہاشم آملہ کی ڈبل سنچری کی وجہ سے 627 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP89586" platform="highweb"/></link>
<link type="page"><caption> ڈربن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو شکست</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/sport/2015/12/151230_durban_test_eng_sa_day5_mb" platform="highweb"/></link>
ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن انگلینڈ اپنی دوسری اننگز میں مشکلات کا شکار رہا اور میچ کے اختتام پر اس نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے تھے۔
بدھ کو میچ کے پانچویں دن انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 16 رنز سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو صرف 84 رنز پر ہی اس کی چار وکٹیں گر چکی تھیں۔
انگلش ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک آٹھ اور ایلکس ہیلز صرف پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ پہلی اننگز میں قدرے بہتر کاکردگی دکھانے والے کومپٹن 15 اور جو روٹ 29 رنز ہی بنا سکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے آزمائے گئے ابتدائی چاروں بولرز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اس سے قبل چوتھے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 16 رنز بنائے تھے اور کک آٹھ اور ہیلز پانچ رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
میچ کے چوتھے دن ہی جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز 627 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔
ہاشم آملہ کی ڈبل سنچری اور بووما کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کی پوزیشن مستحکم ہو گئی تھی۔
انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 629 رنز بنائے تھے۔
منگل کو جنوبی افریقہ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز سے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو ہاشم آملہ نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے 200 رنز مکمل کیے۔
ان کی ڈبل سنچری میں 27 چوکے شامل تھے لیکن وہ ڈبل سنچری بنانے کے فوراً بعد ہی سٹورٹ براڈ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
اس اننگز کے دوران ہاشم آملہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے سات ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
چوتھے دن ان کا ساتھ دینے والے فاف ڈوپلیسی نے 86 رنز کی اننگز کھیلی جو 11 چوکوں سے مزین تھی۔
ڈوپلیسی کے علاوہ اس اننگز میں ابراہم ڈی ویلیئرز نے بھی نصف سنچری بنائی۔ وہ 88 رنز بنانے کے بعد کھیل کے تیسرے دن آؤٹ ہوئے تھے۔
انگلینڈ کی جانب سٹورٹ براڈ نے دو جبکہ جیمز اینڈرسن، سٹیون فن اور بین سٹوکس نے ایک ایک وکٹ لی ہے۔
اس میچ میں انگلینڈ کی ٹیم بین سٹوکس کی ڈبل سنچری اور جونی بیرسٹو کی سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں بڑا سکور کرنے میں کامیاب رہی تھی۔
سٹوکس کی ڈبل سنچری انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین ڈبل سنچری تھی۔



