جوکووچ سخت مقابلے کے بعد کوارٹر فائنل میں

،تصویر کا ذریعہReuters
ٹینس سٹار اور دفاعی چیمپیئن نواک جوکووچ نے ایک مشکل مقابلے کے بعد جائلز سائمن کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن کے آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنا لی ہے۔
پانچ مرتبہ کے چیمپین نواک جوکووچ نے جائلز سائمن کے خلاف چار گھنٹے اور 32 منٹ تک جاری رہنے والے اس میچ میں چھ تین، چھ سات، (ایک سات) چھ چار، چار چھ، اور چھ تین سے کامیابی حاصل کی۔
جوکووچ مسلسل 27 مرتبہ گرینڈ سلیم کے کورٹر فائنل میں پہنچے ہیں۔
دوسری جانب چار مرتبہ کے چیمپین راجر فیڈرر نے جو کہ اپنی بہترین فارم میں دکھائی دے رہے ہیں، بیلجیئم کے ڈیوڈ گوفن کو چھ دو، چھ ایک اور چھ چار سے شکست دے دی ہے اور ان کا مقابلہ ٹومس برڈیچ سے ہوگا۔
نواک جوکووچ کا مقابلہ اب جاپان کے کی نیشیکوری سے ہوگا جو ول فرائڈ سونگا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچے ہیں۔
نواک جوکووچ کا کہنا تھا کہ ’جائلز جیسے کھلاڑی کے خلاف کھیلتے ہوئے آپ بہت ساری ریلیز کی امید کر سکتے ہیں۔‘
’جائلز ہمیشہ آپ کو ایکسٹرا شاٹ کھلینے پر مجبور کرتے ہیں۔ میں نے بہت ساری غلطیاں کرنے پر مجبور کیا لیکن وہ جیت کے لیے لڑ رہے تھے وہ اچھا کھیل رہے تھے میں خوش ہوں کہ میں جیت گیا۔‘
میچ کے بعد جوکووچ کے انٹرویو کے دوران سٹیڈیم میں سے ایک تماشائی نے آواز لگائی جس پر جوکووچ نے کہا کہ کیا آپ دوہرائیں گے جو آپ نے کہا جس پر تماشائی نے ایک بار پھر کہا کہ ’نو مور ڈراپ شاٹس‘ یعنی مزید ڈراپ شاٹس نہیں۔
اس پر جوکووچ نے جواب دیا کہ ’مجھے یہ کہتے ہوئے اچھا نہیں لگ رہا لیکن آب صحیح کہہ رہے ہیں۔‘



