ڈربن ٹیسٹ: ابتدائی نقصان کے بعد انگلینڈ کی بہتر بیٹنگ

،تصویر کا ذریعہAFP
ڈربن میں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے نک کومپٹن اور جیمز ٹیلر کی نصف سنچریوں کی بدولت چار وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے تھے۔
بارش سے متاثر ہونے والے اس ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور آغاز سے ہی انگلینڈ کی ٹیم پر دباؤ میں ڈالے رکھا۔
<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP89585" platform="highweb"/></link>
جمعے کو جب میچ کے پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو انگلینڈ کی جانب سے نک کومپٹن 63 اور بین سٹوکس پانچ رنز پر کھیل رہے تھے۔
اس سے قبل انگلینڈ نے جب اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو صرف 49 رنز پر اس کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔
کپتان ایلسٹر کک صفر، اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ایلکس ہیلز دس اور جو روٹ 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
تاہم بعد میں نک کومپٹن اور جیمز ٹیلر نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی۔
دونوں نوجوان بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 125 رنز بنائے اور اپنی اپنی نصف سنچری بھی مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ٹیلر 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد ڈیل سٹین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین تین وکٹیں حاصل کر کے نمایاں بولر رہے۔
بارش اور بعد میں خراب روشنی کے باعث پہلے دن صرف 65.1 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا جس مطلب یہ ہوا کہ اتوار کو میچ کے دوسرے دن کا کھیل آدھا گھنٹہ پہلے شروع کیا جائے گا۔



