اینڈرسن پہلے ٹیسٹ سے باہر

،تصویر کا ذریعہGetty
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے تیز رفتار گیند باز جیمز اینڈرسن کو زخمی ہونے کے سبب جنوبی افریقہ کے خلاف 26 دسمبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
اینڈرسن، جو انگلینڈ کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، کئی دنوں سے دائیں پنڈلی میں کنچاؤ کی شکایت کر رہے ہیں۔
اینڈرسن کو جنوبی افریقہ میں سیریز شروع ہونے سے قبل تربیتی میچوں میں بھی شامل نہیں کیا گیا اور جنوبی افریقہ پہنچنے کے بعد سے اب تک انھوں نے صرف پانچ اوور کرائے ہیں۔
سٹیفن فن ، کرس ووکس، کرس جارڈن اور مارک فوٹیٹ میں سے کوئی دو کھلاڑی سٹورٹ براڈ کے ساتھ مل کر انگلینڈ کرکٹ ٹیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں بولنگ کرائیں گے۔
اینڈرسن نے پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں حال ہی میں کھیلے جانے والے تینوں ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کی تھی اور تین میچوں میں تیرہ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ لیکن گزشتہ ایشز سیریز میں انھوں نے آخری دو میچوں میں شرکت نہیں کی تھی جس کی وجہ بھی ان کی ٹانگ کی تکلیف تھی۔
سٹورٹ براڈ نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹسیٹ میچ کی پہلی اننگز میں آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ اس میچ میں انگلینڈ نے اپنے روایتی حریف آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 78 رنز سے شکست دی تھی۔
اینڈرسن کی عدم دستیابی پر بات کرتے ہوئے انگلش ٹیم کے ہیڈ کوچ ٹریور بےبلس نے کہا کہ سٹورٹ براڈ ٹیم کے تیز رفتار گیند بازوں کی قیادت کر سکتے ہیں جیسا کہ انھوں نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میں کیا تھا۔
انھوں نے مزید کہا کہ جب بھی کوئی اچھا بلے باز یا اچھا گیند باز ٹیم سے باہر ہو جائے تو تشویش تو ہوتی ہے لیکن پچھلی مرتبہ انگلش ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی گو کہ اینڈرسن ٹیم میں موجود نہیں تھے۔ انھوں نے کہا کہ آپ قطعی طور پر نہیں کہہ سکتے کہ کیا ہو گا۔
اینڈرسن نے میچ شروع ہونے سے ایک دن قبل ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ جسمانی تربیت اور کثرت میں حصہ لیا لیکن انھوں نے بولنگ نہیں کرائی۔



