ٹی 20 سیریز:’ریکارڈ بک میں انگلینڈ کا پلہ بھاری‘

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دس ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں جن میں انگلینڈ کا پلہ بھاری رہا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنپاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دس ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں جن میں انگلینڈ کا پلہ بھاری رہا ہے

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جمعرات سے ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کے تین مقابلوں کا پہلا میچ دبئی میں کھیلا جائے گا اور ٹی 20 مقابلوں کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو اپنی دوسری پوزیش کا دفاع کرنا ہے تو اسے یہ سیریز کم از کم ایک کے مقابلے میں دو میچوں سے جیتنا ضروری ہے۔

انگلینڈ جس کے خلاف پاکستان نے اب تک مجموعی طور پر دس میچ کھیلے ہیں اور جن میں اسے صرف تین میں کامیابی ہوئی عالمی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے۔

دوسرا میچ بھی دبئی میں جمعہ کو ہوگا جبکہ شارجہ 30 نومبر کو تیسرے اور آخری میچ کی میزبانی کرے گا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز کا یہ تیسرا اور آخری مرحلہ ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز دو صفر سے جیتی جبکہ ون ڈے سیریز میں انگلینڈ نے تین ایک سے کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کر رہے ہیں جو اس سیریز کو آئندہ سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کی تیاری کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ شاہد آفریدی اس ورلڈ ٹی 20 کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق شاہد آفریدی کو ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں میں عمر گل کی سب سے زیادہ 85 وکٹوں کا ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف تین وکٹیں درکار ہیں۔ زخمی ہونے کے بعد مکمل صحت یابی کے منتظر عمر گل کو اس سیریز کے لیے نہیں چُنا گیا

شاہد آفریدی کو ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ بنانے کے لیے صرف تین وکٹیں درکار ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشاہد آفریدی کو ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ بنانے کے لیے صرف تین وکٹیں درکار ہیں

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دس ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں جن میں انگلینڈ کا پلہ بھاری رہا ہے۔ اس نے سات میچ جیتے ہیں پاکستان نے صرف تین میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بار ٹی 20 سیریز سنہ 2012 میں متحدہ عرب امارات میں ہی کھیلی گئی تھی جو انگلینڈ نے دو ایک سے جیتی تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت بھی انگلینڈ کی ٹیم پاکستان سے ٹیسٹ سیریز تین صفر سے ہارگئی تھی لیکن اس کے بعد اس نے ون ڈے سیریز چار صفر اور ٹی 20 سیریز دو ایک سے جیت لی تھی۔

پاکستانی ٹیم کا اس سال ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں میں ریکارڈ خاصا متاثر کن رہا ہے۔ اس نے اب تک کھیلے گئے سات میں سے چھ میچز جیتے ہیں اور صرف ایک میں اسے شکست ہوئی ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم اس سال صرف دو ٹی 20 انٹرنیشنل کھیل پائی ہے لیکن اس نے یہ دونوں میچ جیتے ہیں۔

سنہ 2007 میں پہلے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کی رنر اپ اور 2009 کے ورلڈ ٹی 20 کی فاتح پاکستانی ٹیم اس وقت اس طرز کی کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہے۔

یہ ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کی تیاری کا اچھا موقع ہے: ٹریور بیلس

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنیہ ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کی تیاری کا اچھا موقع ہے: ٹریور بیلس

اس پوزیشن پر برقرار رہنے کے لیے پاکستان کو کم از کم دو ایک کے فرق سے یہ سیریز جیتنی ہوگی۔

انگلینڈ کی ٹیم فی الوقت ٹی 20 رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے تاہم انگلش کوچ ٹریور بیلس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ون ڈے سیریز میں پاکستان پر فتح سے ان کی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’انگلش بلے بازوں نے اس ٹی 20 سیریز سے قبل جس طریقے سے بلے بازی کی ہے اس سے انھیں بہت اعتماد ملا ہوگا اور وہ جان گئے ہیں کہ وہ ان کنڈیشنز میں کھیل سکتے ہیں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کی تیاری کا اچھا موقع ہے۔

’یہ مارچ اپریل میں ہونے والے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کی جانب ایک اور قدم ہے۔ ہم یہ ٹی 20 سیریز جیتنا چاہتے ہیں اور ہم یہ کر سکتے ہیں لیکن یہ تجربات کا موقع بھی ہے۔‘