عالمی نمبر دو بننے کا اچھا موقع ہے: اظہر علی

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، شارجہ
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اظہرعلی چاہتے ہیں کہ شارجہ ٹیسٹ جیت کر پاکستان آئی سی سی کی ٹیسٹ عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر آجائے۔
واضح رہے کہ اس وقت پاکستان آئی سی سی کی عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بعد چوتھے نمبر پر ہے لیکن اگر پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز دو صفر سے جیتنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو وہ دوسرے نمبر پر آجائے گی۔
پاکستانی ٹیم دبئی میں پہلا ٹیسٹ 178 رنز سے جیت چکی ہے۔
اظہرعلی نے جو پہلا ٹیسٹ ان فٹ ہونے کے سبب اور دوسرا ٹیسٹ اپنی ساس کے انتقال کی وجہ سے نہیں کھیل سکے تھے تیسرے ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرنے کے لیے خاصے پرامید ہیں جو اتوار کے روز سے شارجہ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
اظہرعلی نے شارجہ میں بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ شارجہ ٹیسٹ پاکستانی ٹیم کے لیے بڑی اہمیت رکھتا ہے اس کے پاس بہت اچھا موقع ہے کہ وہ یہ میچ جیت کر عالمی رینکنگ میں اوپر آجائے۔
اظہرعلی نے کہا کہ ان کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ ان کی بیٹنگ ٹیم کے کام آئے۔ وہ کوشش کرتے ہیں کہ اپنی بیٹنگ کو سادہ اور آسان رکھیں اور صورتحال کے مطابق بیٹنگ کریں۔
یاد رہے کہ اظہرعلی 44 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جن میں انھوں نے نو سنچریوں اور بیس نصف سنچریوں کی مدد سے تین ہزار تین سو ترانوے رنز بنائے ہیں۔
اظہرعلی کا کہنا ہے کہ ٹیم میں موجود دو سینئر کرکٹرز یونس خان اور مصباح الحق سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے کہ کس طرح فیلڈ اور فیلڈ کے باہر کے پریشر سے نمٹا جائے اور اپنے کریئر کو کس طرح آگے بڑھایا جائے۔
اظہرعلی جو پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے کپتان ہیں کہتے ہیں کہ ’اگر مستقبل میں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ملی تو اسے اعزاز اور بہت بڑی ذمہ داری سمجھتے ہوئے نبھانے کے لیے تیار ہوں لیکن چاہتا ہوں کہ مصباح الحق اپنا ٹیسٹ کریئر جاری رکھیں اور اپنی موجودہ فارم اور فٹنس برقرار رکھتے ہوئے کھیلتے رہیں۔‘
اظہرعلی کا کہنا ہے کہ ون ڈے ٹیم میں ان کی واپسی کپتان کی حیثیت سے ہوئی تھی یقیناً ان پر دباؤ تھا لیکن انھوں نے کوشش کی کہ دماغ کو ٹھنڈا رکھتے ہوئے کم سے کم پریشر لیتے ہوئے فیصلے کرسکیں۔
واضح رہے کہ اظہرعلی ون ڈے انٹرنیشنل میں واپسی کے بعد سے 13 ون ڈے میں دو سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 665 رنز بناچکے ہیں۔
ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے تیرہ میں سے چھ ون ڈے جیتے ہیں چھ ہارے ہیں اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔



