ہیلز جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ کریئر کا آغاز کریں گے

یلکس ہیلز ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچوں میں سنچری بنانے والے پہلے برطانوی بیٹسمین ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنیلکس ہیلز ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچوں میں سنچری بنانے والے پہلے برطانوی بیٹسمین ہیں

انگلش کرکٹ کاؤنٹی ناٹنگھم شائر کی جانب سے کھیلنے والے ایلکس ہیلز سنیچر سے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ چار میچوں پر مشتمل سیریز سے اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کریں گے۔

26 سالہ ہیلز سنہ 2012 کے بعد سے آٹھویں برطانوی اوپنر ہوں گے جو کپتان ایلسٹر کک کے ساتھ اوپننگ کریں گے۔

ادھر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے تیز رفتار بولر جیمز اینڈرسن کو زخمی ہونے کے سبب جنوبی افریقہ کے خلاف 26 دسمبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں شامل نہیں کیا گیا ہے جس سے اس بات کا امکان ہے کہ کرس ووکس، مارک فٹ یا سٹیون فن میں سے کسی ایک کو حتمی 11 کھلاڑیوں میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ایلکس ہیلز کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں بیٹنگ اوسط صرف 38 ہے تاہم وہ ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچوں میں سنچری بنانے والے پہلے برطانوی بیٹسمین ہیں۔

ہیلز نے جنوبی افریقہ کی اے ٹیم کے خلاف کھیلے جانے والے وارم اپ میں میں نصف سنچری بنائی ہے۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم بھارت کے خلاف حالیہ ختم ہونے والی سیریز تین صفر سے ہارنے کے باجود ٹیسٹ کرکٹ کی درجہ بندی میں اس وقت بھی پہلے نمبر پر ہے۔

اگر انگلینڈ جنوبی افریقہ کے خلاف یہ ٹیسٹ سیریز جیت لیتا ہے تو وہ ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں اپنی چھٹی پوزیشن کو مزید بہتر بنا سکتا ہے۔

انگلینڈ پروٹیز کی سنہ 1991 میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے بعد جنوبی افریقہ میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں صرف ایک بار فاتح رہا ہے۔