’اظہر، حفیظ دانائی سے کام لیں جذبات سے نہیں‘

اکثر سپورٹس مبصرین کہتے ہیں کہ اظہر حفیظ کی پیروی کر رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناکثر سپورٹس مبصرین کہتے ہیں کہ اظہر حفیظ کی پیروی کر رہے ہیں

پاکستانی کرکٹروں اظہر علی اور محمد حفیظ کی جانب سے سپاٹ فکسنگ میں ملوث سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کی موجودگی میں قومی فٹنس کیمپ کا بائیکاٹ کرنے کے فیصلے پر سوشل میڈیا پر شدید ردِ عمل سامنے آیا ہے۔

مظہر اقبال نے اسلام آباد سے بی بی سی اردو کے فیس بُک پر تبصرہ کیا کہ ’بہت اچھا کیا دونوں نے، کیا عامر کو اس لیے معاف کیا جائے کہ وہ اچھا بولر ہے؟ کیا ہر بار ملک کی عزت کو بیچنے والوں کو معاف کیا جاتا رہے گا؟‘

اس کے برعکس سید محسن شیرازی نے لکھا: ’حفیظ اور اظہر کو نکال دو۔ عامر نے سزا پوری کر لی ہے۔ اب اس کو کھلاؤ تو پاکستانی بولنگ تیز تر ہو جائے گی۔‘

علی کاشف نے لکھا ’یہ بلیک میلنگ ہے، اگر انھیں بائیکاٹ کرنا ہے تو ان سے کہیں کہ وہ گھر جائیں اور پاکستان کو اُن کی خدمات شکریے کے ساتھ مسترد کر دینی چاہییں۔ پی سی بی کو ایسا طرزِ عمل برداشت نہیں کرنا چاہیے۔ جب آفریدی، شعیب ملک، مصباح اور یونس خان جیسے بڑے کھلاڑیوں کو اعتراض نہیں تو انھیں کیوں ہے؟‘

،تصویر کا ذریعہTwitter

علی نصیر نے ٹوئٹر پر لکھا: ’میں سمجھتا ہوں اظہر علی کو اپنے موقف پر نظرِ ثانی کرنی چاہیے۔ وہ ٹیم کے سرکردہ اور سینیئر کھلاڑی ہیں اور انھیں دانائی کا مظاہرہ کرنا چاہیے نہ کہ جذباتیت کا۔‘

اسرار احمد نے ٹویٹ کی: ’تو اظہر علی محمد عامر کے ساتھ تربیتی کیمپ میں جانے سے انکاری ہیں۔ دیکھتے ہیں کہ وہ کتنی دیر اس قسم کی بیٹنگ لائن اپ کے ساتھ کپتان رہ پاتے ہیں۔‘

سپورٹس صحافی التمش جیوا نے ٹویٹ کی کہ ’محمد یوسف کے ساتھ میں بالکل متفق ہوں۔ اظہر علی کو دوسروں کا اثر نہیں لینا چاہیے اور حفیظ کو ڈراپ کرنے سے کوئی قیامت نہیں ٹوٹ پڑے گی۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter

عظیم اسلم نے ایسی ہی بات بی بی سی اردو کے فیس بُک پر لکھی: ’حفیظ اور اظہر دونوں کو ون ڈے اور ٹی20 سے ٹیم سے نکال دینا چاہیے۔ ان دونوں کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔‘

انھوں نے لکھا کہ ’حفیظ کو تو بی پی ایل میں عامر کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کے بعد شرم سے ڈوب مرنا چاہیے تھا۔ مگر جس کا اپنا بولنگ ایکشن مشکوک ہو اور اس کی بولنگ پر پابندی لگی ہو اسے عامر پر تنقید کرنے کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانک لینا چاہیے۔‘

بابر ریاض نے لکھا: ’حفیظ اور اظہر دونوں کا یہ قدم بالکل درست ہے۔ عامر جیسے غداروں کو پاکستانی کرکٹ سے دور ہی رکھنا بہتر ہے۔ مجھے انُ لوگوں پر حیرت ہو رہی ہے جو حفیظ اور اظہر علی پر تنقید کر رہے ہیں۔‘