بھارت کی ہاں یا ناں، فیصلہ پیر کو متوقع

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بی سی سی آئی پر واضح کردیا ہے کہ وہ اگلے ایک دو روز میں اسے بتادے کہ وہ پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنا چاہتا ہے یا نہیں؟ اگر اس نے جواب نہ دیا تو پاکستان کرکٹ بورڈ اس سیریز کو منسوخ سمجھے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بی سی سی آئی کو جمعہ کے روز ایک ای میل کی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے تاخیر کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے سیریز کے انتظامات کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ یہ سیریز ممکنہ طور پر دسمبر کے دوسرے ہفتے سے سری لنکا میں کھیلی جانے والی ہے جس میں تین ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ کو کوئی جواب نہیں دیا ہے لیکن اس کے عہدیدار یہی کہتے آئے ہیں کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کا فیصلہ وزیراعظم مودی کریں گے۔
تاہم اب بی سی سی آئی کے عہدیداران بھی اپنی حکومت کی جانب سے کوئی واضح اعلان نہ کیے جانے پر بے یقینی کی کیفیت میں ہیں اور بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کہہ چکے ہیں کہ ’جب دونوں ملک آئی سی سی کے ایونٹس میں کھیل سکتے ہیں تو دو طرفہ کرکٹ کیوں نہیں؟‘
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر کے درمیان انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کےصدر جائلز کلارک کی کوششوں سے دبئی میں ہونے والی ملاقات میں یہ طے پایا تھا کہ پاکستان اور بھارت یہ سیریز سری لنکا میں کھیلیں گے لیکن اس کا تمام تر انحصار دونوں حکومتوں کی اجازت پر تھا۔
پاکستانی حکومت پاکستان کرکٹ بورڈ کو یہ سیریز سری لنکا میں کھیلنے کی اجازت دے چکی ہے۔



