پاک بھارت سیریز پر آئی سی سی کے اجلاس میں بات ہوگی

پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز نے آٹھ سال میں چھ سیریز کھیلنے پر اتفاق کر رکھا ہے

،تصویر کا ذریعہREUTERS

،تصویر کا کیپشنپاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز نے آٹھ سال میں چھ سیریز کھیلنے پر اتفاق کر رکھا ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

بھارت کے کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے خط کا جواب دے دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے بارے میں آئی سی سی کے اجلاس میں بات کی جائے گی جو اکتوبر میں دبئی میں ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کو دو ستمبر کو خط لکھا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو وعدے کے مطابق دسمبر میں پاکستان کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلنی چاہیے۔

شہریار خان بدھ کو بھارت روانہ ہوں گے جہاں وہ بی سی سی آئی کے صدر جگ موہن ڈالمیا کے اہل خانہ سے تعزیت کریں گے۔

بھارت روانگی سے قبل شہریارخان کا کہنا تھا کہ انھوں نے بی سی سی آئی کے سیکریٹری کو جو خط لکھا تھا اس کا جواب آگیا ہے جس میں انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے بارے میں بات چیت آئی سی سی کے اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ہونے والے اجلاس میں ہوگی۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سیریز کے بارے میں بھارت کے جواب کی روشنی میں جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ان کا اکیلے کا نہیں ہوگا بلکہ اس ضمن میں وہ دفترخارجہ سے رہنمائی لیں گے۔

پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز نے آٹھ سال میں چھ سیریز کھیلنے پر اتفاق کر رکھا ہے اور مفاہمت کی اس یادداشت کے تحت پہلی سیریز دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانی ہے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کے سبب یہ سیریز ہوتی نظر نہیں آتی۔

شہریار خان نے متعدد بار بھارت کو وعدے کے مطابق سیریز کھیلنے کی یاد دہانی کرائی ہے لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر اور آئی پی ایل کے چیرمین راجیوشکلا کی طرف سے جو بیانات سامنے آئے ہیں وہ کسی طور پاکستان کے لیے حوصلہ افزا نہیں ہیں۔