’بی سی سی آئی نے آمدنی سے حصہ نہیں مانگا‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کی آمدنی میں حصے کے بارے میں کوئی بات نہیں کی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اس بارے میں ذرائع ابلاغ میں کی جانے والی قیاس آرائیاں غلط ہیں۔
بھارت کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں کھیلنے سے انکار کے بعد دونوں کرکٹ بورڈز یہ سیریز سری لنکا میں کھیلنے پر آمادہ ہیں اور دونوں نے اپنی اپنی حکومتوں سے اس بارے میں رابطہ بھی کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس نے حکومت سے این او سی نہیں مانگا کیونکہ اس معاملے پر جو بھی فیصلہ ہونا ہے وہ حکومت نے کرنا ہے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے بھی پاکستان کے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مفاہمت کی یادداشت میں کہیں یہ نہیں لکھا کہ متحدہ عرب امارات اس کا ہوم گراؤنڈ ہے۔ یادداشت میں یہ لکھا ہے کہ اگر پاک بھارت سیریز پاکستان میں نہ ہوئی تو باہمی رضامندی سے کسی نیوٹرل مقام پر کھیلی جاسکتی ہے۔
راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی کو اگر بھارتی حکومت کی جانب سے اجازت مل گئی تو اسے سری لنکا میں سیریز کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس بیان کی تائید کی ہے کہ اس سیریز سے جو بھی آمدنی ہوگی وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہوگی۔



