پاک بھارت کرکٹ، شہریار خان کا وزیراعظم کو خط

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے وزیراعظم نواز شریف کو لکھے گئے خط میں پاک بھارت کرکٹ سیریز سے متعلق ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کر دیا ہے۔
شہریار خان کا کہنا ہے کہ انھیں امید ہے کہ حکومت کی جانب سے آئندہ چند روز میں اس بارے میں جواب آ جائےگا۔
یاد رہے کہ شہریار خان نے اتوار کے روز دبئی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر سے ملاقات کی تھی جو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے صدر جائلز کلارک کے توسط سے ہوئی تھی۔
اس ملاقات کے بعد سری لنکا، پاک بھارت کرکٹ سیریز کے غیر جانبدار مقام کے طور پر سامنے آیا ہے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس سیریز کے سلسلے میں اس سے رابطہ کیا گیا ہے اور اگر یہ سیریز سری لنکا میں ہوئی تو اسے خوشی ہوگی۔ تاہم اس سیریز کے ہونے کا انحصار پاکستان اور بھارت کی حکومتوں کی اجازت پر ہے۔

،تصویر کا ذریعہBoth Photos by AFP
شہریار خان کہہ چکے ہیں کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کا فیصلہ اب حکومت کرے گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں شہریارخان کے دورۂ بھارت کے موقع پر انتہا پسندوں کے بی سی سی آئی کے دفتر پر حملے اور سابق وزیرخارجہ خورشید قصوری کی کتاب کی تقریب کے موقع پر میزبان کے چہرے پر سیاہ رنگ ڈالے جانے جیسے واقعات کے بعد پاکستانی حکومت نے بھی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے شہریارخان پر یہ بات واضح کردی تھی کہ اب پاک بھارت کرکٹ کے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے بجائے حکومت کرے گی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بھی 27 نومبر کو ہونے والا ہے جس میں پاک بھارت سیریز سے متعلق ششانک منوہر اور شہریارخان کی ملاقات کی روشنی میں فیصلہ کیا جائےگا۔
بھارت پہلے ہی پاکستان کی یہ ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنے سے انکار کرچکا ہے۔



