ناگ پور ٹیسٹ پر بھارت کی گرفت مضبوط

،تصویر کا ذریعہAP
ناگ پور میں کھیلے جانے والے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے بھارت کے خلاف دو وکٹوں کے نقصان پر 32 رنز بنا لیے ہیں۔
جنوبی افریقہ کو یہ میچ جیتنے کے لیے مزید 278 رنز کی ضرورت ہے اور دوسری اننگز میں اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="" platform="highweb"/></link>
جنوبی افریقہ کی جانب سےڈین ایلگر اور سٹین وین نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔
پہلی اننگز کی طرح جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور 17 رنز کے مجموعی سکور پر سٹین وین پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
29 رنز کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ اس وقت گری جب عمران طاہر آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں ایشون اور مشرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جمعرات کو کھیل کے دوسرے روز بھی پہلے دن کی طرح بالر چھائے رہے اور جہاں پہلے جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی وہیں بھارت کی پوری ٹیم بھی دوسری اننگز میں 173 رنز ہی بنا سکی۔
بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں شیکھر دھون 39 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ پجارا نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقہ کے سپنر عمران طاہر نے پانچ جبکہ مورنے مورکل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

،تصویر کا ذریعہAP
اس سے قبل جنوبی افریقہ کے بیٹسمین پہلی اننگز میں بھارتی سپنرز کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہے اور اس کے آٹھ کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔
جنوبی افریقہ کے لیے سب سے زیادہ 35 رنز جے پی ڈومینی نے بنائے جبکہ ہیمر نے 13 رنز سکور کیے۔
بھارت کی جانب روی چندرن ایشون نے پانچ جبکہ جڈیجا نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے بھارت کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
چار میچوں کی اس سیریز میں بھارت کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔



