ون ڈے سیریز، پاکستانی ٹیم کا نیا امتحان

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد اب ون ڈے سیریز کی شکل میں ایک نئے امتحان کا سامنا ہے۔
چار میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بدھ کے روز ابوظہبی میں کھیلا جا رہا ہے۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہرعلی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز جیتنے سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے اور اسی مورال سے وہ ون ڈے سیریز بھی کھیلےگی اور جیت کا تسلسل قائم رکھنا چاہےگی۔
اظہرعلی نے کہا کہ اگر انگلینڈ جیسی اچھی رینکنگ کی ٹیم کے خلاف پاکستانی ٹیم کامیابی حاصل کرتی ہے تو یہ اس کے لیے بہت اچھا ہوگا۔
اس وقت انگلینڈ کی ٹیم آئی سی سی کی عالمی ون ڈے رینکنگ میں چھٹے اور پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے۔
اظہرعلی کو امید ہے کہ یونس خان کا تجربہ ٹیم کے کام آئےگا اور وہ ون ڈے سیریز میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلائیں گے۔
یاد رہے کہ یونس خان کو سلیکٹروں نے ٹیسٹ سیریز کی حالیہ عمدہ کارکردگی پر ون ڈے ٹیم میں شامل کیا ہے۔ وہ آخری بار ون ڈے میچ ورلڈ کپ میں کھیلے تھے لیکن مایوس کن کارکردگی کے سبب ون ڈے ٹیم سے ڈراپ کر دیےگئے تھے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستانی کپتان نے مزید کہاکہ پاکستانی ٹیم ون ڈے میں عمدہ کارکردگی دکھا کر عالمی رینکنگ میں بہتر پوزیشن تک آنے کی کوشش ک ررہی ہے، جو عالمی کپ اور پھر بنگلہ دیش کےخلاف سیریز میں متاثر ہوئی تھی جس کے بعد ٹیم نے سری لنکا اور زمبابوے میں اچھی کارکردگی دکھائی اور وہ کوشش کرے گی کہ اس سلسلے کو جاری رکھے۔
اظہر علی اب تک چار ون ڈے سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں جن میں سے تین میں انھیں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن اپنے نوجوان کھلاڑیوں سے اچھی کارکردگی کی امید وابستہ کیے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سال نوجوان کرکٹروں نے عمدہ حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
عالمی کپ کے بعد سے انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی ہے البتہ اسے آسٹریلیا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔



