شعیب ملک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر

انگلینڈ کے خلاف موجودہ سیریز میں شعیب ملک نے ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنائی تھی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنانگلینڈ کے خلاف موجودہ سیریز میں شعیب ملک نے ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنائی تھی
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، شارجہ

پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر اور سابق کپتان شعیب ملک نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان انگلینڈ کے خلاف شارجہ میں جاری کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس میں کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ 2019 کے عالمی کپ پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں اور ریٹائرمنٹ کی دوسری وجہ یہ ہے کہ وہ اپنے خاندان کو زیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف موجودہ سیریز میں شعیب ملک نے ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنائی تاہم اس کے بعد وہ قابل ذکر اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔

البتہ سیریز میں وہ بولر کی حیثیت سے اپنی موجودگی کی احساس دلانے میں کامیاب رہے اور انھوں نے شارجہ ٹیسٹ میں انگلینڈ کی پہلی اننگز میں کریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 33 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔

شعیب ملک کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ٹیسٹ ٹیم میں ان کی جگہ کوئی نوجوان باصلاحیت کرکٹر آئے۔

انھوں نے کہا کہ وہ اس سیریز سے قبل بھی سوچ رہے تھے کہ ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ دیں۔

شعیب نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا تعلق اس سیریز کی کارکردگی سے نہیں ہے۔

ان کے مطابق اس مرحلے پر انھیں کچھ بھی ثابت نہیں کرنا اور وہ چاہتے تو اب بھی دو سال ٹیسٹ کرکٹ کھیل سکتے تھے۔

شعیب ملک کا کہنا ہے کہ انھیں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ٹیسٹ نہ کھیلنے کا افسوس ہے۔

شعیب ملک نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں 35 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 1898 رنز بنائے اور 29 وکٹیں حاصل کیں۔

انھوں نے تین ٹیسٹ میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت بھی کی جن میں سے پاکستان دو ہارا اور ایک ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا۔