شارجہ ٹیسٹ: پاکستان کی پوری ٹیم 234 رنز پر آؤٹ

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان کی پوری ٹیم 234 کے سکور پر آؤٹ ہو گئی اور اس کے جواب میں انگلینڈ نے کھیل کے اختتام تک دو اووروں میں کسی وکٹ کے نقصان پر چار رنز بنائے۔
پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایک محتاط اننگز کھیلتے ہوئے 71 رنز بنائے۔ انھیں اینڈرسن نے آؤٹ کیا۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90170" platform="highweb"/></link>
سرفراز احمد نے بھی محتاط اننگز کھیلی۔ وہ 39 کے سکور پر معین علی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ ان کے فوراً بعد ہی وہاب ریاض کو پٹیل نے بولڈ کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور اظہر علی نے اننگز کا آغاز کیا۔
پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین اظہر علی تھے، وہ بغیر کوئی سکور کیے اینڈرسن کا شکار بنے۔
پاکستان کو دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب محمد حفیظ 22 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔
پاکستان کی مشکلات کا سلسلہ جاری رہا اور صرف 88 رنز کے مجموعی سکور پر شعیب ملک 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین یونس خان تھے، وہ 31 رنز بنا کر براڈ کی گیند پر کیچ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان کی پانچویں وکٹ 116 رنز پر اس وقت گری جب اسد شفیق پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے دو، جبکہ سٹورٹ براڈ، سمیت پٹیل اور معین علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس میچ میں پاکستان کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شان مسعود کی جگہ اظہر علی اور عمران خان کی جگہ راحت علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے جو اسے دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں 178 رنز کی جیت کی صورت میں ملی تھی۔
اگر پاکستانی ٹیم شارجہ ٹیسٹ بھی جیتنے میں کامیاب ہوگئی تو وہ آئی سی سی کی عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آ جائے گی۔
پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: مصباح الحق (کپتان)، اظہرعلی، محمد حفیظ، شعیب ملک، یونس خان، اسد شفیق، سرفراز احمد، وہاب ریاض، راحت علی، یاسر شاہ اور ذوالفقاربابر۔
انگلینڈ کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: الیسٹر کک ( کپتان )، معین علی، ای این بیل، جو روٹ، جانی بیرسٹو، جیمز ٹیلر، بین اسٹوکس، اسٹورٹ براڈ، جیمز اینڈرسن، عادل رشید اور سمیت پٹیل۔



