سیریز کو دو صفر پر ختم کرنا چاہتے ہیں: وقار یونس

وقاریونس کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو دبئی ٹیسٹ کی جیت کا کریڈٹ ملنا چاہیے خاص کر بولرز نے بہت محنت کی

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنوقاریونس کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو دبئی ٹیسٹ کی جیت کا کریڈٹ ملنا چاہیے خاص کر بولرز نے بہت محنت کی
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس جیت سے قطع نظر دبئی ٹیسٹ کے آخری دن کے کھیل کو ایک اہم دن قرار دیتے ہیں جس میں بقول ان کے کرکٹ کی جیت ہوئی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے دبئی ٹیسٹ کے آخری دن انگلینڈ کی سخت مزاحمت کو قابو کرتے ہوئے 178 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بھی آخری دن دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا تھا جس میں انگلینڈ کی ٹیم کم روشنی کی وجہ سے 19 اوورز میں 99 رنز کے ہدف کو حاصل کرنے سے صرف 25 رنز دور رہ گئی تھی۔

وقاریونس کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو دبئی ٹیسٹ کی جیت کا کریڈٹ ملنا چاہیے۔ ’خاص کر بولرز نے بہت محنت کی اور خوشی کی بات یہ ہے کہ پاکستانی ٹیم کوسیریز میں برتری حاصل ہوگئی ہے۔‘

وقاریونس نے کہا کہ سیریز میں برتری حاصل کرنا ہمیشہ اہم ہوتا ہے اور انھیں یقین ہے کہ ٹیم اسی مورال کے ساتھ شارجہ ٹیسٹ کھیلے گی اور پوری کوشش کی جائے گی کہ سیریز کو دو صفر پر ختم کیا جائے۔

وقاریونس نے کہا کہ دبئی ٹیسٹ جیت لینے کا مطلب یہ نہیں کہ ہم ریلکس ہوجائیں کیونکہ انگلینڈ کی ٹیم نے آخری دن جس طرح فائٹ کی ہے اس سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ ہر کنڈیشنز میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے لہذا پاکستان ٹیم کو اس بات کا بہت خیال رکھنا ہوگا۔

وقاریونس نے شارجہ کی وکٹ کے بارے میں کہا کہ ’شارجہ کی وکٹ ماضی میں بیٹنگ کے لیے سازگار رہی ہے لیکن سننے میں آیا ہے کہ اس وکٹ کی مٹی تبدیل کی گئی ہے اور اسے بہتر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنی سپن اور ریورس سوئنگ کی قوت لے کر میدان میں اترے گی۔