پسٹوریئس جیل سے رہا، پانچ سال کے لیے مکان میں نظر بند

ویلنٹائن ڈے کے موقعے پر پسٹوریئس نے 29 سالہ ریوا سٹین کیمپ کو گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنویلنٹائن ڈے کے موقعے پر پسٹوریئس نے 29 سالہ ریوا سٹین کیمپ کو گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا

جنوبی افریقہ کے جیل حکام کا کہنا ہے کہ ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس کو ایک سال بعد جیل سے رہا کر دیا گیا ہے اور اب وہ اپنی سزا کے پانچ سال اپنے چچا کے مکان میں نظربند رہیں گے۔

خیال رہے کہ سنہ 2013 میں پسٹوریئس نے اپنی گرل فرینڈ ریوا سٹین کیمپ اس وقت گولی ماری جب وہ باتھ روم میں تھیں۔ پسٹوریئس کا موقف ہے کہ ان کی دانست میں باتھ روم میں کوئی چور تھا۔

بعد ازاں عدالت کی جانب سے انھیں قتلِ خطا کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔

ریوا سٹین کے اہلِ خانہ کے خیال میں پسٹوریئس کے ساتھ نرمی برتی گئی ہے۔

پسٹوریئس کو پیر کی شام کو جیل سے رہا کیا گیا۔

استغاثہ کی جانب سے ان کےمقدمے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کی جانے والی اپیل کی سماعت تین نومبر کو ہوگی۔

جیل ترجمان کے مطابق انھیں ایک روز قبل رہا کیا گیا ہے۔

پریٹوریا میں بی بی سی کی نامہ نگار کیرن ایلن کا کہنا ہے کہ پسٹوریئس کو رات کے وقت ان کے چچا کے گھر منتقل کیا گیا جو جیل سے 20 منٹ دور ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کی قبل ازوقت رہائی میڈیا سے بچنے کے لیے کی گئی۔