’پاکستان کے خلاف سیریز سب سے مشکل‘

،تصویر کا ذریعہGetty
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کا سامنا کرنے سے زیادہ مشکل ہوگی۔
مائیکل وان کا کہنا ہے کہ ’دیگر ممالک کے مقابلے میں حالات اور سپن بولنگ کے شعبے میں انگلینڈ کے پاس موجود کم تجربے کی وجہ سے یہ سیریز سب سے مشکل ہے۔‘
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ منگل کے روز سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
حال ہی میں انگلینڈ نے ایشیز سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف تین دو سے کامیابی حاصل کی ہے اور آئندہ دسمبر اور جنوری میں اس نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کرنا ہے لیکن دورہ متحدہ عرب امارات مائیکل وان کی ترجیحات میں اولین درجے پر ہے۔
انگلینڈ سنہ 2012 میں بھی متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں تین صفر سے شکست ہوئی تھی جہاں انگلینڈ کے بلے بازوں کو سپن بولنگ کے لیے ساز گار پچوں پر مسلسل مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مائیکل وان کا کہنا ہے کہ ’مجھے تشویش ہے کیوں کہ انگلینڈ نے اتنے مشکل مقام پر سیریز کھیلنے سے قبل مشکل میچ نہیں کھیلے ہیں۔
’میں اس پر ضرور سوال اٹھاتا ہوں کہ کیا انگلینڈ کے پاس اتنا وقت تھا کہ وہ منگل کو ہونے والے میچ کی پہلی اننگز میں بڑا سکور کرنے کی تیاری کر سکتا؟ کیا انھیں متحدہ عرب امارات میں پہلے نہیں آنا چاہیے تھا؟‘
وان نے مزید کہا کہ ’میں نے اتنا گرم درجۂ حرارت کسی انگلینڈ کے کسی دورے کے دوران محسوس نہیں کیا۔‘



