ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کا موقع

،تصویر کا ذریعہgetty

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان متحدہ عرب امارات میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آغاز سے قبل جاری ہونے والی بین الاقوامی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق جو ٹیم یہ سیریز جیتے گی وہ آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر دو کی پوزیشن پر آ جائے گی۔

اس وقت آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقہ 125 پوائنٹس کے ساتھ اول نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا کے 106 پوائنٹس ہیں اور وہ دوسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ پاکستان سے ایک پوائنٹ کے فرق سے تیسرے نمبر پر ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے علاوہ اس وقت جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان بھی ٹیسٹ سیریز شروع ہونے والی ہے لیکن بھارت اور جنوبی افریقہ کے پوائنٹس میں اس قدر زیادہ فرق ہے کہ اس سیریز کے نتیجے کا عالمی ٹیسٹ رینکنگ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

مصباح الحق کی ٹیم اگر سنہ 2011-12 کی سیریز کے نتائج دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی یعنی انگلینڈ کو تین صفر سے ہارنے میں کامیاب ہو گئی تو اس کو 108 پوائنٹس حاصل ہو جائیں گے اور یہ دوسرے نمبر پر آ جائے گی۔ اگر انگلینڈ نے یہ نتیجہ حاصل کر لیا تو وہ 107 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ جائے گی۔

ٹیموں کی رینکنگ کے ساتھ ساتھ یہ سیریز رینکنگ کے اعتبار سے کئی کھلاڑیوں کے لیے بہت اہم ہے جس میں انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ اور پاکستان کے یونس خان شامل ہیں۔ جو روٹ اس وقت ٹیسٹ بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے کھلاڑی سٹیون سمتھ اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیرز بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔

جو روٹ اگر اس سیریز میں بھی اپنی فارم برقرار رکھنے میں کامیاب رہتے ہیں تو عالمی رینکنگ میں ان کے دوسرے اور پہلے نمبر پر آنے کے امکانات ہیں۔ ان کے 889 پوائنٹس ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیرز کے890 پوائنٹس ہیں۔

یونس خان عالمی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر ہیں اور جبکہ سری لنکا کے اینجیلا میتھو پانچویں نمبر پر ہیں۔ یونس خان کے 829 پوائنٹس ہیں اور میتھوز کے 870 پوائنٹس ہیں ان دونوں کھلاڑیوں کے پوائنٹس میں بہت زیادہ فرق ہے۔

گیند بازوں میں انگلینڈ کے سٹیورٹ براڈ 835 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں اور پاکستان کے نوجوان سپنر یاسر شاہ کی پوزیشن چوتھی ہے۔ یاسر شاہ اب تک دس ٹیسٹ میچوں میں 61 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے بولر ڈیل سٹین 905 پوائنٹس کے ساتھ اول نمبر پر ہیں۔