میسی پر سپین میں ٹیکس فراڈ کا مقدمہ چلے گا

لائنل میسی

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنمیسی کا شمار دنیا کے امیر ترین فٹبالرز میں ہوتا ہے

ہسپانوی کلب بارسلونا کے لیے فٹبال کھیلنے والے ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لائنل میسی پر ٹیکس کی ادائیگی میں دھوکہ دہی کے تین الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔

مقدمے کے آغاز کے لیے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے تاہم الزام ثابت ہونے پر انھیں دو برس قید تک کی سزا ہو سکتی ہے۔

میسی اور ان کے والد پر مقدمہ چلانے کا حکم ایک ہسپانوی عدالت نے جمعرات کو دیا۔

جج نے اس سفارش کو مسترد کر دیا کہ میسی کے خلاف مقدمہ نہ چلایا جائے کیونکہ ان کے والد ہی ان کے مالی معاملات کے ذمہ دار ہیں۔

میسی اور ان کے والد جارج پر الزام ہے کہ انھوں نے ہسپانوی حکام کو ٹیکس کی مد میں 50 لاکھ امریکی ڈالر کے مساوی رقم ادا نہیں کی ہے تاہم وہ دونوں ان الزامات سے انکار کرتے ہیں۔

ٹیکس جمع کرنے والے محکمے کے وکلا نے عدالت سے دونوں ملزمان کو 22 ماہ قید کی سزا دینے کی درخواست کی ہے۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ جارج نے سنہ 2007 سے 2009 کے دوران اپنے بیٹے کی آمدن پر ٹیکس کی ادائیگی سے بچنے کے لیے بیلیز اور یوروگوئے میں رجسٹرڈ کمپنیوں کو استعمال کیا۔

ایک ہسپانوی عدالت نے بارسلونا کلب اور اس کے برازیلی فٹبالر نیمار کے خلاف بھی فراڈ کا مقدمہ چلانے کی اجازت دی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنایک ہسپانوی عدالت نے بارسلونا کلب اور اس کے برازیلی فٹبالر نیمار کے خلاف بھی فراڈ کا مقدمہ چلانے کی اجازت دی ہے

28 سالہ میسی کے وکلا نے اپنے دلائل میں کہا کہ ان کے موکل نے’زندگی میں کبھی اپنے معاہدوں کو نہ تو پڑھا اور نہ ہی ان کا جائزہ لیا۔‘

تاہم جج نے کہا ہے کہ ’اس بات کے آثار ہیں کہ جرم دونوں ملزمان نے کیا ہے۔‘

رواں برس جون میں بارسلونا کی ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ میسی کو اس لیے مقدمے سے استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنے مالیاتی معاملات کے بارے میں کچھ نہیں جانتے تھے۔

میسی چار مرتبہ فیفا کے سال کے بہترین عالمی کھلاڑی رہ چکے ہیں اور ان کا شمار دنیا کے امیر ترین فٹبالرز میں ہوتا ہے۔

اگست 2013 میں میسی اور ان کے والد نے پچاس لاکھ یورو کی رقم ٹیکس کی عدم ادائیگی اور سود کی مد میں واپس کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ میسی سے قبل رواں برس کے وسط میں ایک ہسپانوی عدالت نے بارسلونا کلب اور اس کے برازیلی فٹبالر نیمار کے خلاف بھی فراڈ کا مقدمہ چلانے کی اجازت دی ہے۔