بائرن میونخ پناہ گزینوں کے لیے تربیتی کیمپ لگائےگا

،تصویر کا ذریعہReuters
مشہور جرمن فٹبال کلب بائرن میونخ نے جرمنی آنے والے پناہ گزینوں کے لیے ’تربیتی کیمپ‘ لگانے اور سات لاکھ 30 ہزار پاؤنڈز امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
یورپ میں بہت سے تارکین وطن کے آنے کا سلسلہ جاری ہے جن میں سے کئی تارکین وطن اس وقت ہنگری میں ہیں اور وہ جرمنی جانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
بائرن میونخ جو فٹبال لیگ بنڈس لیگا کے چیمپیئن نے بچوں کو خوراک، جرمن زبان سکھانے اور فٹبال کھیلنے کا سامان فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
فٹبال کلب کے سی ای او کارل ہینز رومینیگی کا کہنا ہے کہ ’بائرن پناہ گزینوں کی مدد کرنے کو اپنی سماجی ذمہ داری سمجھتا ہے۔‘
یورپ میں داخل ہونے والے تارکین وطن کی تعداد رواں سال ریکارڈ حد تک پہنچ گئی ہے جن میں سے زیادہ تر شام میں جاری تنازعے کی وجہ سے بےگھر ہوئے ہیں۔

جرمنی میں پناہ کے لیے داخل ہونے والے افراد کی تعداد رواں سال آٹھ لاکھ تک پہنچ جائے گی جو گذشتہ سال کے مقابلہ میں چار گنا زیادہ ہے۔
25 مرتبہ جرمن لیگ کا اعزاز اپنے نام کرنے والے اور پانچ بار کے یورپین چیمپیئن بائرن میونخ نے آگز برگ کے خلاف اپنے اگلے ہوم میچ میں پناہ گزینوں کے مسئلے کو اجاگر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
12 ستمبر کو ہونے والے اس میچ میں کھلاڑی میدان میں ’ایک جرمن بچے اور ایک پناہ گزین بچے کا ہاتھ تھامے اتریں گے۔‘
دوسری جانب بائرن میونخ کے حریف کلب بورشیا ڈارٹمنڈ نےگذشتہ جمعرات کو ناروے کے فٹبال کلب آڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں 220 پناہ گزینوں کو میچ دیکھنے کی دعوت دی تھی۔
بنڈس لیگا فٹبال لیگ کے گذشتہ ہفتے کے میچوں میں پناہ گزینوں کی حمایت میں بینر واضح طور پر دیکھے گئے۔



