پہلے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ کو 59 رنز سے شکست

،تصویر کا ذریعہAP
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو59 رنز سے شکست دے دی ہے۔
جمعرات کو ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو فتح کے لیے 306 رنز کا ہدف فراہم کیا تھا۔ جس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم46 ویں اوور میں 246 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP89473" platform="highweb"/></link>
306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہیلز اور رائے نے انگلینڈ کو 70 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم انگلینڈ کی وفقے وفقے سے وکٹیں گرتی رہیں اور مڈل آرڈر بیٹسمین بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے۔
انگلینڈ کی پہلی وکٹ 70 کے سکور پر گری جب ہیلز 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رائے 67 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ ٹیلر 49 رنز بنا سکے۔
ٹی20 میچ میں جارحانہ کھیل پیش کرنے والے مورگن صرف 38 رنز ہی بنا سکے۔
ان کے علاوہ انگلینڈ کو کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا اور سٹوکس 13، بٹلر چار، معین علی 17، عادل راشد 11 اور ووکس بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فن تھے جو دس رنز بنا کر کمنز کا شکار بنے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
آسٹریلیا کی جانب سے کمنز، مچل سٹارک، کولٹرنائل اور واٹسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مارش اور میکسویل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو پہلے ایک روزہ کرکٹ میچ میں فتح کے لیے 306 رنز کا ہدف فراہم کیا ہے۔
اس سے قبل مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو ابتدائی بلے بازوں نے کپتان کا فیصلہ درست ثابت کیا اور پہلی وکٹ کے لیے برنز اور ڈیوڈ وارنر کی 76 رنز کی شراکت نے آسٹریلیا کو اچھا آغاز دیا۔
اس شراکت کو پاکستانی نژاد سپنر عادل رشید نے برنز کو 44 کے انفرادی سکور پر اپنی ہی گیند پر کیچ کر کے توڑا۔
برنز کے برعکس وارنر نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ انھوں نے 59 رنز کی اننگز کھیلی اور عادل رشید کی دوسری وکٹ بنے۔
کپتان سٹیون سمتھ نے بھی ذمہ دارانہ انداز میں بلے بازی کی اور 44 رنز بنائے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
آسٹریلیا کو تین سو کا عدد پار کروانے میں کلیدی کردار میتھیو ویڈ اور مچل مارش نے ادا کیا جنھوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 112 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔
ویڈ جہاں 12 چوکوں کی مدد سے 50 گیندوں پر 71 رنز کے ساتھ اننگز کے ٹاپ سکورر رہے وہیں مارش نے 40 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ وڈ نے ایک وکٹ لی۔
انگلینڈ نے اس ون ڈے سیریز سے قبل ایشز ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو دو کے مقابلے میں تین میچوں سے ہرایا ہے۔
پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ پانچ ستمبر کو لارڈز میں کھیلا جائے گا۔



