محمد حفیظ ایک سال تک بولنگ نہیں کر سکیں گے

محمد حفیظ چنئی کی لیبارٹری میں ہونے والا بائیومکینک ٹیسٹ کلیئر کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمد حفیظ چنئی کی لیبارٹری میں ہونے والا بائیومکینک ٹیسٹ کلیئر کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آف سپنر محمد حفیظ ایک سال تک بین الاقوامی کرکٹ میں بولنگ نہیں کرسکیں گے۔

وہ چھ جولائی کو بھارت کے شہر چنئی کی لیبارٹری میں ہونے والا بائیومکینک ٹیسٹ کلیئر کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں امپائرز نے ان کے بولنگ ایکشن کے بارے میں رپورٹ دی تھی جس کے بعد وہ اپنے بولنگ ایکشن کے بائیو مکینک تجزیے کے لیے چنئی گئے تھے تاہم رپورٹ کے آنے تک سری لنکا کے خلاف دونوں ون ڈے میچوں میں انھوں نےبولنگ کی تھی۔

پہلے ایک روزہ میچ میں انھوں نے سنچری بنانے کے علاوہ چار وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھاجبکہ دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی انھوں نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

محمد حفیظ اب تک 44 ٹیسٹ میچوں میں 33.90 اوسط سے 52 وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ 163 ایک روزہ میچوں میں 34.87 کی اوسط سے 129 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں جبکہ 62 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 46 ہے۔

آئی سی سی کے قوانین کے تحت اگر کسی بولر کا بولنگ ایکشن دو سال کے عرصے میں دو بار رپورٹ ہوتا ہے تو پھر اسے بین الاقوامی کرکٹ میں ایک سالہ پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

پہلے ایک روزہ میچ میں انھوں نے سنچری بنانے کے علاوہ چار وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنپہلے ایک روزہ میچ میں انھوں نے سنچری بنانے کے علاوہ چار وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا

34 سالہ آف سپنر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن گزشتہ برس نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران رپورٹ ہوا تھا جس نے پاکستان ٹیم کی عالمی کپ کی تیاریوں کو بری طرح متاثر کیا تھا۔

محمد حفیظ نے دسمبر میں لفبرا یونیورسٹی سے بھی اپنے بولنگ ایکشن کا بائیو میکنک تجزیہ کروایا تھا جس کے بعد ان کے بولنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا تھا۔

تاہم اپریل 2015 میں بائیومکینک تجزیے کی رپورٹ میں وہ کلیئر ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ حفیظ سے قبل پاکستان کے ہی سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو بھی غیر قانونی قرار دے کر انھیں بولنگ کروانے سے روک دیا گیا تھا۔

تاہم رواں سال کے آغاز میں ہی سعید اجمل کو ان کے ایکشن کے کامیاب تجزیے کے بعد بولنگ کروانے کی اجازت مل گئی تھی۔