حفیظ کے بائیومکینکل ٹیسٹ میں مہلت دی جائے

محمد حفیظ کو بولنگ جاری رکھنے کےلیے 14 روز کی مہلت مدت چار جولائی کو ختم ہو رہی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمد حفیظ کو بولنگ جاری رکھنے کےلیے 14 روز کی مہلت مدت چار جولائی کو ختم ہو رہی ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے آف سپنر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے بائیو مکینکل تجزیے کے لیے مزید مہلت مانگی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بھارتی ویزا بروقت نہ ملنے کے سبب محمد حفیظ چینئی نہیں جاسکے ہیں جہاں انھیں اپنے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ دینا ہے۔ یہ ٹیسٹ 30 جون یا یکم جولائی کو ہونا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ ایک غیرمعمولی صورت حال ہے جس کے پیش نظر اس نے آئی سی سی سے کہا ہے کہ محمد حفیظ کے بائیو مکینکل تجزیے کے لیے درکار مدت میں توسیع کر دی جائے اور ان کے بائیو مکینکل ٹیسٹ کی نئی تاریخ تیسرے ٹیسٹ اور پہلے ون ڈے کے درمیان دی جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلےگئے پہلے ٹیسٹ کے امپائروں نے 21 جون کو محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے بارے میں رپورٹ دی تھی کہ یہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق نہیں ہے۔

آئی سی سی کے قوانین کے تحت رپورٹ ہونے والے بولر کو اپنے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے 14 دن دیےجاتے ہیں اور بائیومکینکل تجزیے کی رپورٹ آنے تک وہ بولر بولنگ کر سکتا ہے۔ محمد حفیظ کو دی گئی مدت چار جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔

بولنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے باوجود محمد حفیظ سری لنکا کے خلاف کولمبو میں کھیلا گیا دوسرے ٹیسٹ کھیلے تھے اور اس میں بھی انھوں نے 14 اوور بولنگ کی تھی جن میں انھوں نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

محمد حفیظ بھارتی ویزے کا انتظار کرنے کے بعد اب کولمبو سے پالیکیلے پہنچ گئے ہیں جہاں تین جولائی سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔