محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سال جنوری میں محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا دوبارہ بائیو مکینک تجزیہ چینئی کی لیبارٹری میں کرایا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سال جنوری میں محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا دوبارہ بائیو مکینک تجزیہ چینئی کی لیبارٹری میں کرایا تھا
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر قرار دے دیا گیا ہے اور اب وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں دوبارہ بولنگ کر سکیں گے۔

محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا بائیومکینک تجزیہ نو اپریل کو بھارتی شہر چینئی میں آئی سی سی کی منظور شدہ لیبارٹری میں کیا گیا تھا جس کی رپورٹ بدھ کے روز منظرِعام پر آئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن اب قواعد و ضوابط کے مطابق 15 ڈگری کے اندر ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان گذشتہ سال ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے امپائروں نے محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے قواعد وضوابط کے برخلاف ہونے کے بارے میں آئی سی سی کو رپورٹ دی تھی۔

غور طلب بات یہ ہے کہ اس ٹیسٹ میچ سے قبل محمد حفیظ بھارت میں کھیلی گئی چیمپیئنز لیگ میں بھی مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آئے تھے۔

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن اب قواعد و ضوابط کے مطابق 15 ڈگری کے اندر ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمد حفیظ کا بولنگ ایکشن اب قواعد و ضوابط کے مطابق 15 ڈگری کے اندر ہے

آئی سی سی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کو لفبرا انگلینڈ بھیجا تھا جہاں بائیومکینک تجزیے نے ان کے بولنگ ایکشن کو 15 ڈگری کی حد سے متجاوز قراردے دیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سال جنوری میں محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا دوبارہ بائیو مکینک تجزیہ چینئی کی لیبارٹری میں کرایا تھا لیکن اس کی رپورٹ میں بھی بتایا گیا تھا کہ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن قواعد و ضوابط کے مطابق نہیں ہے۔

محمد حفیظ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کیے گئے تھے تاہم وہ ان فٹ ہونے کے سبب وطن واپس بھیج دیے گئے تھے۔

آئی سی سی نے محمد حفیظ کے علاوہ پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی جویریہ ودود کا بولنگ ایکشن بھی کلیئر کر دیا ہے۔