سیرینا اور موگوروزا ومبلڈن کے فائنل میں

،تصویر کا ذریعہAFP
عالمی نمبر ون سیرینا ولیمز نے عالمی نمبر چار ماریا شاراپوا کو ومبلڈن کے سیمی فائنل میں ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
ان کا مقابلہ فائنل میں سپین کی گاربین موگوروزا سے ہو گا۔
33 سالہ امریکی کھلاڑی نے سٹریٹ سیٹس میں میچ جیت کر شاراپوا کے خلاف فتوحات کا اپنا 11 سالہ ریکارڈ برقرار رکھا۔
ولیمز اپنے 25 ویں گرینڈ سلام کے فائنل میں پہنچنے کے بعد بہت جوش میں تھیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں۔ میں تھوڑا نروس ہو گئی تھی کیونکہ یہ سیمی فائنل تھا اور کافی دیر ہو گئی ہے میں یہاں تک نہیں پہنچی تھی۔‘
شاراپوا نے 2004 سے لے کر اب تک سرینا ولیمز کو کبھی نہیں ہرایا اور یہ ان کی ولیمز کے ہاتھوں 17 ویں شکست تھی۔
روسی کھلاڑی کو معلوم تھا کہ انھیں اپنی سروس کا دفاع کرنا ہے لیکن یکے بعد دیگرے ڈبل فالٹس کی وجہ سے گیم ان کے ہاتھوں سے جاتی رہی۔
سنیچر کو ولیمز اپنا چھٹا ومبلڈن ٹائٹل جیت سکتی ہیں مگر اس کے لیے انھیں سپین کی 21 سالہ موگوروزا کو شکست دینا ہوگی جو اپنا پہلا گرینڈ سلام فائنل کھیلیں گی۔
موگوروزا نے پولینڈ کی ایگنیسکا رادوانسکا کو پہلے سیمی فائنل میں چھ دو، تین چھ اور چھ تین کے سکور سے ہرایا۔
وینیزویلا میں پیدا ہونے والی ہسپانوی کھلاڑی نے میچ جیتنے کے بعد بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ’میرے پاس اسے بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔‘
’میں ساری عمر اس لمحے کو حاصل کرنے کے لیے محنت کرتی رہی۔ میں سمجھتی ہوں کہ میں بہت اچھا کھیل رہی تھی سو مجھے جذبات سے خالی شکل بنائے پرسکون رہنا تھا۔‘
’مجھے معلوم تھا کہ یہ مشکل ہو گا۔ میں دوسرے سیٹ میں نروس ہو گئی تھی۔ ان کے پاس بہت تجربہ تھا اور مجھے فائٹ کرنا تھی۔‘
موگوروزا نے فیصلہ کن پوائنٹ پر اپنے جذبات پر قابو رکھا۔



