فیصل صالح فٹبال فیڈریشن کے صدر ہیں یا نہیں؟

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان فٹبال فیڈریشن نے منگل کو اسلام آباد میں ہونے والے ایک غیر معمولی اجلاس میں تنظیم کے صدر فیصل صالح حیات اور سیکریٹری کرنل (ریٹائرڈ) احمد یار لودھی کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ارشد خان لودھی کو قائم مقام صدر مقرر کر دیا ہے۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس صورتِ حال میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے معاملات پیچیدہ صورت اختیار کر گئے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انتخابات 30 جون کو ہونے والے ہیں۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جس اجلاس میں فیصل صالح حیات کو صدر کے عہدے سے ہٹایا گیا اس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے 26 میں سے 18 ارکان موجود تھے۔
تاہم بی بی سی کے رابطہ کرنے پر کرنل (ریٹائرڈ) احمد یار لودھی نے بتایا کہ اس اجلاس کی کوئی آئینی اور قانونی حیثیت نہیں ہے اور اس میں 18 نہیں صرف سات ارکان نے شرکت کی۔
ان کا کہنا ہے کہ فیصل صالح حیات بدستور صدر اور وہ سیکریٹری کے طور کام کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس صورت حال میں وہ فیفا سے رابطے میں ہیں اور یہ دیکھا جا رہا ہے کہ کہیں یہ حکومتی مداخلت تو نہیں۔
احمد یار لودھی کا کہنا ہے کہ ارشد لودھی کیسے فیڈریشن کے صدر بن سکتے ہیں کیونکہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ان پر اور اشرف چوہدری پر متوازی ایسوسی ایشن بنانے پر تاحیات پابندی عائد کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ اس سال اپریل میں ہونے والے پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے انتخابات میں سردار نوید حیدر صدر منتخب ہوئے تھے لیکن ان کے حریف گروپ نے الزام عائد کیا تھا کہ انتخاب سرے سے ہوئے ہی نہیں تھے جس میں فیصل صالح حیات کے حمایت یافتہ نوید حیدر کو کامیاب قرار دے دیا گیا تھا۔
فیصل صالح حیات 12 سال سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر ہیں۔



