کرپشن سکینڈل: کونکاکاف کے جنرل سیکریٹری پر پابندی

،تصویر کا ذریعہAFP
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے کونکاکاف کے جنرل سیکریٹری اینریک سانز پر عارضی طور پر فٹبال سے متعلق سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
کنفیڈریشن آف نارتھ، سینٹرل امریکہ اینڈ کیریبین ایسوسی ایشن فٹبال (کونکاکاف) کے صدر جیفری ویب کو گذشتہ ہفتے گرفتار کر لیا گیا تھا۔
<link type="page"><caption> ’کرپشن سکینڈل کے عالمی فٹبال پرگہرے اثرات مرتب ہوں گے‘</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/sport/2015/05/150529_fifa_president_vote_zs.shtml" platform="highweb"/></link>
<link type="page"><caption> ’بدعنوان افراد کی فٹبال کے کھیل میں کوئی جگہ نہیں‘</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/sport/2015/05/150528_blatter_fifa_scandal_zs" platform="highweb"/></link>
جیفری ویب ان سات اہلکاروں میں شامل ہیں جنھیں امریکہ کے محکمہ انصاف نے منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
اس سے قبل کانگو کی فٹبال ایسوسی نے بھی دو اہکاروں پر عارضی پابندی عائد کی تھی۔
نائب صدر یاں گائے بلائز مایولس اور جنرل سیکریٹری بدجی مومبو ویٹیٹے کو ’فیفا کے ضابطہ اخلاق پر پابندی نہ کرنے کے الزام میں معطل کیا گیا۔‘
گذشتہ بدھ کو سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی سات گرفتاریوں کے بعد امریکہ کے محکمہ انصاف نے میامی میں کونکاکاف کے ہیڈکوارٹرز پر بھی چھاپہ مارا۔
جس کے بعد جنرل سیکریٹری اینریک سانز کو کنفیڈریشن کی جانب سے فوری طور پر رخصت پر بھیج دیا گیا۔
اینریک سانز سنہ 2012 سے اس عہدے پر تعینات تھے۔
فیفا کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف یہ کارروائی فیفا کے ضابطہ اخلاق سے متعلق کمیٹی کی تفتیش اور امریکی اٹارنی کی جانب سے پیش کیے گئے حقائق کے بعد عمل میں لائی گئی۔



