پاکستان نے زمبابوے کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین ایک روزہ میچوں پر مشمتل سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔
پاکستان نے 269 رنز کا مطلوبہ ہدف 47.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔
<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/90125" platform="highweb"/></link>
پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور سرفراز احمد نے اننگز کا آغاز کیا۔
دونوں بیٹسمینوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 46 رنز بنائے۔
پاکستان کی اننگز کی خاص بات کپتان اظہر علی کی شاندار بیٹنگ تھی، انھوں نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث سہیل نے چھ چوکوں کی مدد سے 52 اور شعیب ملک نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رنز بنائے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
اس سے قبل زمبابوے نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔
زمبابوے کی جانب سے چبھابھا اور سکندر رضا نے عمدہ بیٹنگ کی۔
چبھابھا نے 100 گیندوں میں 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 99 رنز سکور کیے۔
سکندر رضا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 84گیندوں میں آٹھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے دو دو وکٹیں جبکہ جنور علی، شعیب ملک اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے زمبابوے کے خلاف لاہور میں کھیلا جانے والا پہلا ایک روزہ میچ 41 رنز سے جیتا تھا۔
سنہ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ میچ منعقد نہیں ہو سکے تھے اور چھ برس تک پاکستانی ٹیم اپنی ہوم سیریز بیرون ملک کھیلنے پر مجبور رہی۔
زمبابوے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی وہ پہلی ٹیم ہے جس نے اس جمود کو توڑا اور پاکستان کے دورے پر آمادگی ظاہر کی۔
اس دورے میں اب تک دو ٹی 20 میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستانی ٹیم فتح یاب رہی۔
اس کرکٹ سیریز کے لیے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں لیکن ان انتظامات کے باوجود شائقین کا جوش وخروش بھی غیر معمولی ہے۔



