پاکستان آکر خوفزدہ نہیں ہیں: زمبابوین کپتان

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے کپتان چگمبورا کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان آکر خوفزدہ نہیں ہیں انھیں یقین ہے کہ سکیورٹی کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں اور ان کی اصل توجہ کرکٹ پر ہے۔
چگمبورا اور زمبابوے کے وفد کے سربراہ اوزیئس نے منگل کے روز قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ سکیورٹی کے انتظامات دیکھ کر متاثر ہوئے ہیں اور انھیں یقین ہے کہ اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں اور انھیں خوشی ہے کہ زمبابوے کی ٹیم لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ واپس لانے میں اپنا کردار ادا کرنے یہاں موجود ہے، اسے خوشی ہے کہ اس سیریز کی بدولت پاکستان کے بچے اور نوجوان جو کافی عرصے سے اپنے ہیروز کو اپنے سامنے کھیلتا نہیں دیکھ سکے تھے وہ اب انہیں دیکھ سکیں گے۔
اوزئیس سے جب سوال کیا گیا کہ کیا آپ کی حکومت اس دورے کے حق میں ہے تو ان کا جواب تھا کہ زمبابوے میں کھیلوں کے معاملات اسپورٹس اینڈ ریکری ایشن کمیشن دیکھتا ہے تاہم اس نے زمبابوے کرکٹ بورڈ کو خط بھیجا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ زمبابوے نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ زمبابوے کرکٹ بورڈ نے خود کرنا ہے اور بورڈ نے یہ فیصلہ کیا کہ پاکستان کا دورہ کیاجائے گا۔
’تمام کرکٹرز اپنی خوشی سے یہاں آئے ہیں اور ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں کہ اسپورٹس اینڈ ریکرایشن کمیشن نے ان سے کوئی فارم بھروایا تھا۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
انھوں نے تسلیم کیا کہ کوئی ناخوشگوار واقعے کے بعد پریشانی انسانی فطرت ہے اور کراچی کےحالیہ واقعے نے بھی کچھ پریشانی پیدا کی لیکن سب متفق تھے کہ یہ دورہ کرنا ہے۔
اوزیئس نے کہا کہ زمبابوے کی کرکٹ بھی ماضی میں اس طرح کی صورتحال سے گزرچکی ہے کہ غیرملکی ٹیمیں وہاں کا دورہ نہیں کرتی تھیں یہ ایک ایسا ہتھیار تھا جسے استعمال کیا جاتا رہا ہے اور اس کا سبب سکیورٹی کے خدشات کو قرار دیا جاتا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی کسی بھی جگہ کی سکیورٹی ضمانت نہیں دے سکتا لیکن ہمارے لیے یہ بات اصولی رہی ہے کہ ہم کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں ہم امن چاہتے ہیں ہمارے کوئی سیاسی ارادے نہیں ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ پاکستانی عوام اور کرکٹ کے شائقین کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہوجائے گا۔



