پاکستان ہاکی ٹیم کو پورا ڈیلی الاؤنس بھی نہیں مل سکا

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس کی مد میں پوری ادائیگی نہ ہونے کے سبب پاکستانی ہاکی ٹیم کا دورۂ جنوبی کوریا خطرے سے دوچار ہوگیا ہے۔
کیونکہ سینیئر کھلاڑیوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر انھیں ڈیلی الاؤنس کی بقیہ رقم نہ دی گئی تو وہ دورے پر نہیں جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم آسٹریلیا میں چار قومی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد بدھ کی شب وطن واپس پہنچی تھی اور اسے جمعے کو چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے جنوبی کوریا روانہ ہونا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آسٹریلوی دورے پر کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے لیے ایک سو پچاس ڈالرز ڈیلی الاؤنس کی منظوری دی تھی لیکن مالی بحران کا جواز پیش کرتے ہوئے اس نے ڈیلی الاؤنس کی مد میں صرف 50 فیصد کی ادائیگی کی تھی اور یہ وعدہ کیا تھا کہ بقیہ 50 فیصد رقم آئندہ ماہ بیلجیئم میں ہونے والے اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کے موقعے پر ادا کردی جائے گی تاہم اب اطلاعات یہ ہیں کہ کھلاڑی عدم ادائیگی پر سخت خفا ہیں ۔
پاکستانی ہاکی ٹیم کے منیجر شہناز شیخ نے تسلیم کیا ہے کہ صورتحال خاصی پریشان کن ہے کیونکہ کھلاڑیوں کے پاس پہلے ہی نہ نوکریاں ہیں اور نہ کنٹریکٹ ۔ ایسے میں اگر انھیں ڈیلی الاؤنس بھی نہ ملے تو کھلاڑی کہاں جائیں؟
شہناز شیخ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ایک کمیٹی بنائے جس میں حکومتی نمائندے کے علاوہ ایماندار ٹیکنو کریٹ ہوں اور اس کمیٹی کے ذریعے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فنڈز جاری کیے جائیں۔
شہناز شیخ نے متنبہ کیا کہ دنیا کی دوسری ٹیمیں بہتر مالی وسائل اور سہولتوں کے ساتھ ٹریننگ میں مصروف ہیں اور پاکستانی کھلاڑی مالی مشکلات کا شکار ہیں جس کے نتیجے میں وہ یکسوئی سے نہ ٹریننگ کر پاتے ہیں نہ کھیل پاتے ہیں اگر یہ صورتحال جاری رہی تو ورلڈ کپ کے بعد اولمپکس سے بھی باہر ہونے کی بری خبر کے لیے ہمیں تیار رہنا چاہیے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کافی عرصے سے مالی بحران کا شکار ہے اور اسے ٹیم کو غیرملکی دوروں پر بھیجنے کے لیے مختلف ذرائع سے رقم حاصل کرنی پڑ رہی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی باگ ڈور اس کے قابل ذکر سیاست سابق اولپمیئن قاسم ضیا کے ہاتھوں میں تھی اس دور میں فیڈریشن کو کروڑوں روپے گرانٹ کی مد میں ملے تھے۔
اس وقت پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر حکمراں جماعت مسلم لیگ نون سے تعلق رکھنے والے اختر رسول ہیں تاہم حکومت کا یہ کہنا ہے کہ جب تک فیڈریشن اپنے حسابات کا آڈٹ نہیں کراتی وہ مزید گرانٹ نہیں دے گی اس کے باوجود گذشتہ دنوں حکومت نے فیڈریشن کو کچھ رقم دینے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔



