کھلنا ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کی عمدہ بیٹنگ

کھلنا سٹیڈیم میں منگل کو شروع ہونے والے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنکھلنا سٹیڈیم میں منگل کو شروع ہونے والے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا

کھلنا میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف چار وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے ہیں۔

پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر شکیب الحسن 19 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

کھلنا سٹیڈیم میں منگل کو شروع ہونے والے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش کو پہلا نقصان 52 کے مجموعی سکور پر ہوا جب تمیم اقبال 25 کے انفرادی سکور پر لیگ سپنر یاسر شاہ کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 92 کے مجموعی سکور پر گری جب دوسرے اوپنر امرؤالقیس اپنی نصف سنچری مکمل کر کے محمد حفیظ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

<link type="page"><caption> میچ کا تازہ سکور جاننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/90110" platform="highweb"/></link>

دونوں اوپنروں کے آؤٹ ہونے کے بعد مومن الحق اور محمود اللہ نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹیم کا سکور 187 رنز تک پہنچا دیا۔ محمود اللہ نے 49 رنز بنائے۔

میچ کے آخری اوور میں مومن الحق 80 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ذولفقار بابر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے اور اس کے ساتھ ہی میچ ختم کر دیا گیا۔

تمیم اقبال کی وکٹ لینے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنتمیم اقبال کی وکٹ لینے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے

پاکستان کو ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ اور واحد ٹی 20 میں ہرانے کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کے حوصلے بلند نظر آتے ہیں اور وہ 14 سال میں پہلی بار پاکستان کو ٹیسٹ میں ہرانے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک 14 ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں اور تمام کے تمام پاکستان نے جیتے ہیں۔

ون ڈے انٹرنیشنل کو خیرباد کہنے والے مصباح الحق ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں تاہم محدود اوورز کے میچوں میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی نے ٹیسٹ سیریز میں بھی پاکستانی ٹیم پر دباؤ میں اضافہ کردیا ہے۔

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں کامیابی کے بعد بنگلہ دیش کے حوصلے انتہائی بلند ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں کامیابی کے بعد بنگلہ دیش کے حوصلے انتہائی بلند ہیں

ون ڈے کے مقابلے میں ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن نسبتاً زیادہ مضبوط ہے جس میں اظہرعلی، یونس خان، مصباح الحق ، اسد شفیق اور سرفراز احمد شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم اس دورے میں کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل سے دوچار رہی ہے۔ فاسٹ بولرز سہیل خان، احسان عادل اور راحت علی ان فٹ ہوکر پہلے ہی دورے سے باہر ہو چکے ہیں۔

بنگلہ دیش نے کھلنا میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، پہلے ٹیسٹ میں اسے ویسٹ انڈیز کے خلاف دس وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں اس نے زمبابوے کے خلاف شکیب الحسن کی سنچری اور دس وکٹوں کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت 162 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔