سلمان بٹ انسدادِ بدعنوانی یونٹ کےسامنے پیش ہوں گے

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق سزا یافتہ کپتان سلمان بٹ 28 اپریل کو دبئی میں آئی سی سی کے انسدادِ بدعنوانی یونٹ کے سامنے پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ سلمان بٹ پر سپاٹ فکسنگ کے الزام میں دس سالہ پابندی عائد ہے جن میں سے پانچ سال معطلی کے ہیں اور ان پر عائد پابندی اس سال ستمبر میں ختم ہو رہی ہے۔
اسی الزام میں محمد عامر اور محمد آصف کو بھی پابندی کا سامنا ہے تاہم محمد عامر کو آئی سی سی نے ستمبر سے پہلے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے اور انھوں نے گذشتہ دنوں پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا۔
سلمان بٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ آئی سی سی کے انسدادِ بدعنوانی یونٹ نے انھیں 28 اپریل کو دبئی بلایا ہے تاہم انھیں اس ملاقات کی تفصیل کا علم نہیں ہے۔ ممکن ہے کہ جس طرح انسدادِ بدعنوانی یونٹ نے حال ہی میں محمد عامر سے بات کی ہے اسی طرح وہ ان سے بھی کرنا چاہتا ہو۔
سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ ان کے موجودہ پاسپورٹ کی مدت ختم ہو چکی ہے لہٰذا انھیں فوری طور پر نیا پاسپورٹ اور ویزا حاصل کرنا ہو گا۔
سلمان بٹ نے کہا کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے درکار آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی تمام شرائط پوری کر چکے ہیں اور ان سے مکمل تعاون کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان پر عائد پابندی میں بھی نرمی کی جائے تاکہ وہ جلد سے جلد کرکٹ کھیل سکیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ محمد عامر کے برعکس محمد آصف اور سلمان بٹ نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے لیے درکار ضروری شرائط مکمل طور پر پوری نہیں کی ہیں۔



