احسان عادل بھی ان فِٹ، عمر گل پاکستانی سکواڈ میں شامل

پی سی بی کے مطابق احسان عادل کی جگہ فاسٹ بولر عمر گل کو بنگلہ دیش بھیجا جائے گا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپی سی بی کے مطابق احسان عادل کی جگہ فاسٹ بولر عمر گل کو بنگلہ دیش بھیجا جائے گا

بنگلہ دیش کے دورے پر جانے والی پاکستانی ٹیم کی فٹنس کے مسائل کم ہونے کا نام نہیں لے رہے اور اب احسان عادل ان فٹ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق احسان عادل ان فٹ ہونے کے باعث بنگلہ دیش میں جاری کرکٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ فاسٹ بولر عمر گل کو بھیجا جا رہا ہے۔

ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے پیغام کے مطابق احسان عادل ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے سیریز کے مزید میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

واضح رہے کہ عمر گل گذشتہ ماہ کھیلے گئے کرکٹ عالمی کپ سکواڈ کا حصہ نہیں تھے اور تقریباً پانچ ماہ کے عرصہ کے بعد وہ دوبارہ سکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔

احسان عادل بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے چنندہ سکواڈ سے ان فٹ ہو کر باہر ہوجانے والے چوتھے کھلاڑی ہیں۔

ان سے قبل یاسر شاہ، صہیب مقصود اور سہیل خان زخمی ہونے کے باعث ٹیم سے باہر ہوچکے ہیں۔

فاسٹ بولر سہیل خان دورہ بنگلہ دیش سے قبل ہی کمر کی تکلیف کی وجہ سے ایک روزہ میچوں کی سیریز سے باہر ہو ئے تھے جبکہ یاسر شاہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ الیون کے خلاف کھیلے گئے پریکٹس میچ میں بائیں ہاتھ کا انگوٹھا زخمی کروا بیٹھے تھے اور ان کے ہاتھ پر تین ٹانکے لگے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق زخمی ہونے کے باوجود وہ بنگلہ دیش میں ہی رہیں گے اور ٹیسٹ سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے۔

ون ڈے کے لیے یاسر شاہ کی جگہ سپنر ذوالفقار بابر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود کلائی میں فریکچر کے سبب دورۂ بنگلہ دیش سے باہر ہوگئے تھے اور ان کی جگہ سیلیکشن کمیٹی نے سعد نسیم کو ون ڈے سکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل ہیں۔