سہیل خان انجری کے باعث بنگلہ دیش سیریز سے باہر

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر سہیل خان انجری کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تربیتی کیمپ کے دوران انھیں کمر کی تکلیف کی شکایت ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ سنیچر کو پریکٹس میچ کے دوران سہیل خان نے تکلیف کی شکایت کی اور ایم آر آئی سکین کے نتائج کے بعد انھیں دو سے تین ہفتے ڈاکٹر کی زیر نگرانی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سہیل خان کی انجری کے باعث فاسٹ بولر جنید خان کو بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
’سیلیکشن کمیٹی کے ممبران سے مشاورت اور چیئرمین پی سی بی کی منظوری کے بعد چیف سیلکٹر ہارون رشید نے سہیل خان کی جگہ جنید خان کو ایک روزہ میچوں سیریز کے سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ جنید خان ٹیسٹ سیریز کے سکواڈ میں پہلے سے شامل ہیں۔‘
فاسٹ بولر سہیل خان کرکٹ ورلڈ کپ کے سکواڈ میں شامل تھے اور عالمی کپ میں انھوں نے 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
گذشتہ ہفتے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود کلائی میں فریکچر کے سبب دورۂ بنگلہ دیش سے باہر ہوگئے تھے اور ان کی جگہ سیلیکشن کمیٹی نے سعد نسیم کو ون ڈے سکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل ہیں۔
پاکستانی ٹیم 13 اپریل کو ڈھاکہ پہنچے گی اور 15 اپریل کو فتح اللہ میں پریکٹس میچ کھیلے گی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میرپور کے شیربنگلہ سٹیڈیم میں 17، 19اور 22 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔
یہی سٹیڈیم 24 اپریل کو واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی میزبانی بھی کرے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 28اپریل سے دو مئی تک کھلنا میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ میرپور میں چھ سے 10 اپریل تک ہوگا۔



