’کرکٹ بدل گئی ہے، کھیل کا انداز بدلنا ہوگا‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے نومنتخب کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں کرکٹ کے تیز انداز کو دیکھتے پاکستانی بلے بازوں کو بھی تیزی سے رنز بنانے ہوں گے۔
لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ پاکستانی بولرں نے ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن اب بلے بازوں کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔
ورلڈ کپ کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص بیٹنگ پر بہت تنقید کی گئی ہے۔
ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان اظہر علی نے کہا کہ ’میرے خیال میں کرکٹ بہت بدل گئی ہے اور ہمیں بھی اپنے کھیل کو مثبت انداز میں آگے کی طرف لے کر جانا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں بولروں نے معیاری بولنگ کی ہے اور اُن پر انحصار کیا جا سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اب بلے بازوں کو اچھی اننگز کھیلنا ہوں گی اور تیزی سے رنز بنانا ہوں گے: ’ کرکٹ اب بہت تیز ہو گئی ہے اور ہمیں بھی یقینی طور اس رفتار سے ہم آہنگ ہونا ہے۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ ختم ہونے والے کرکٹ کے 11ویں ورلڈ کپ میں تواتر سے 300 رنز سے زیادہ کے مجموعے بنائے گئے تھے۔
کرکٹ ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی سلیکشن کمیٹی تحلیل کر دی تھی اور نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی ہے، جس نے حال میں ون ڈے ، ٹیسٹ اور ٹی 20 کے لیے نئی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔
کرکٹ بورڈ نے مصباح الحق کی ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اظہر علی ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان منتخب کیا ہے۔
اپنے کریئر میں 14 ایک روزہ میچ کھیلنے والے اظہر علی کو دو سال کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور وہ پاکستان کے ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ بھی نہیں تھے۔



