زخمی یاسر شاہ ون ڈے سیریز سے باہر

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اْردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ بائیں ہاتھ کا انگوٹھا زخمی ہوجانے کے سبب بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
انھیں یہ زخم پاکستانی کرکٹ ٹیم اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ الیون کے درمیان فتح اللہ میں کھیلے گئے پریکٹس میچ کے دوران آیا جس کے نتیجے میں انھیں تین ٹانکے لگانے پڑے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق یاسرشاہ کے ٹانکے کھلنے میں ایک ہفتہ لگے گا جس کےسبب وہ ون ڈے سیریز سے باہر رہ گئے ہیں تاہم وہ بنگلہ دیش میں ہی رہیں گے اور ٹیسٹ سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ یاسرشاہ بنگلہ دیشی دورے کے لیے ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیے گئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ جمعرات کے روز ون ڈے سیریز کے لیے یاسر شاہ کے متبادل کے نام کا اعلان کرے گا۔
یاسر شاہ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز شروع ہونے سے قبل ان فٹ ہوکر ٹیم سے باہر ہوجانے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل صہیب مقصود اور سہیل خان ان فٹ ہوچکے ہیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعے کو میرپور میں کھیلا جائے گا۔



