بنگلہ دیش 16 برس بعد پاکستان کو ہرانے کے لیے پرامید

پاکستان کے معروف آف سپنر سعید اجمل کی آٹھ ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی ہو رہی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستان کے معروف آف سپنر سعید اجمل کی آٹھ ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی ہو رہی ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اْردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیمیں کل یعنی جمعے کو تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مدمقابل ہو رہی ہیں۔

سنہ 2011 کے بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلی دو طرفہ ایک روزہ میچوں کی سیریز ہے۔

اس سیریز کے تینوں ایک روزہ میچ میرپور کے شیرِ بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی کی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستانی ٹیم نئے کپتان اظہرعلی کی قیادت میں پہلا ایک روزہ میچ کھیلے گی۔

یہ اظہرعلی کا بھی دو سال بعد پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ ہے جبکہ پاکستان کے معروف آف سپنر سعید اجمل کی آٹھ ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی ہو رہی ہے۔

گذشتہ سال اگست میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں امپائروں نے سعید اجمل کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا تھا۔

لیگ سپنر یاسر شاہ انگوٹھا زخمی ہونے کے سبب ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ لیفٹ آرم سپنر ذوالفقار بابر کو ایک روزہ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ کی ایک میچ میں معطلی کے سبب شکیب الحسن پہلے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم 16 سال بعد پاکستان کو ہرانے کے لیے پرامید ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان اب تک 32 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے 31 میچ جیتے ہیں۔

بنگلہ دیش کی واحد کامیابی سنہ 1999 کے عالمی کپ میں تھی جب اس نے پاکستان کو 62 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستانی ٹیم کی یہ شکست شک و شبے کی نظر سے دیکھی گئی تھی اور اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو تحقیقاتی کمیشن بنانا پڑا تھا۔