رونالڈو کے پانچ گول اور سیزن کی پانچویں ہیٹ ٹرک

،تصویر کا ذریعہGetty
دنیا کے بہترین فٹبال کھلاڑی کا اعزاز پانے والے کرسٹیانو رونالڈو نے گریناڈا کے خلاف میچ کے پہلے ہاف میں لیگ سیزن کی پانچویں اور سپینش لیگ لالیگا میں اپنی 24 ویں ہیٹ ٹرک سکور کی ہے۔
اس کے علاوہ انھوں نے ایک میچ میں پہلی بار مجموعی طور پر پانچ گول سکور کیے۔
اس ہیٹ ٹرک کے ساتھ ہی رونالڈو اور میسی کی لالیگا میں ہیٹ ٹرکس کی تعداد برابر گئی ہے۔
ریال میڈرڈ نے سینٹیاگو برنابیو سٹیدیم میں کھیلے گئے میچ میں گریناڈا کو ایک کے مقابلے میں نو گول سے شکست دی۔
میچ کے پہلے ہاف کے اختتام پر ریال میڈرڈ کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے برتری حاصل تھی۔ رونالڈو نے تین اور گیرتھ بیل نے ایک گول کیا تھا۔
دوسرے ہاف میں کریم بینزیما نے میچ میں اپنا پہلا گول کیا جس کے فوراً بعد رونالڈو نے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری چھ گول تک پہنچا دی۔
مجموعی طور پر میچ میں ریال میڈریڈ کی جانب سے کرسٹیانو رونالڈو نے پانچ ، بینزیما نے دو جبکہ بیل اور مینز نے ایک ایک گول کیا۔
سابق مانچسٹر یونائٹڈ کے فارورڈ رونالڈو نے پہلی بار میچ میں پانچ گول سکور کیے ہیں۔ ان کی اس بہترین کاکردگی کی بدولت ریال میڈرڈ اور بارسلونا کے درمیان صرف ایک پوائنٹ کا فرق رہ گیا ہے۔
دوسری جانب ریال میڈریڈ سے اس میچ میں شکست کھانے والی ٹیم گریناڈا کی پوائنٹس ٹیبل پر 19ویں پوزیشن ہے۔



