لا ليگا: رونالڈو کی ٹیم کے خلاف میسی کی ہیٹرک

،تصویر کا ذریعہAP
بارسلونا کے سٹار فٹبالر لیونل میسی نے کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم ریال میڈرڈ کے خلاف تین گول داغ کر لا لیگا چیمپیئن شپ میں ٹیم کی امیدیں جگا دی ہیں۔
سپین کے قومی کھلاڑی آندرے انیئستا نے میچ کے ساتویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم بارسلونا کو سبقت دلا دی تھی لیکن اس کے بعد فرانس کے بین الاقوامی کھلاڑی کریم مصطفی بنزیما نے 20 ویں اور 24 ویں منٹ میں متواتر دو گول کرکے ریال میڈرڈ کو پہلے ہاف میں 1-2 کی سبقت دلادی۔
اس کے بعد میسی نے گول کرکے میچ کو دو دو کی برابری پر لے آئے۔
ریال کے سٹار کھلاڑی اور پرتگال کی قومی ٹیم کے رکن کرسٹیانو رونالڈو نے میچ کے 55 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم ایک بار پھر سبقت دلا دی۔
لیکن اس کے بعد میسی کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا۔ انھوں نے پینالٹی کے ذریعے دو گول کیے۔
لا لیگا میں ان کی یہ لگاتار دوسری ہیٹرک ہے اور اسی کے ساتھ وہ لا ليگا کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں کی فہرست میں دوسرے مقام پر آ گئے ہیں۔
گذشتہ دنوں میسی نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا ہے لیکن اس سال چیپیئنز لیگ میں ان کا کھیل بہترین رہا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ریال کے خلاف ہیٹرک کے ساتھ وہ کلاسیکوز میں سب سے زیادہ 21 گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔
اس جیت کے ساتھ دفاعی چیمپیئن بارسلونا لا ليگا میں ریال کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ ایٹلیٹیکو میڈرڈ دو صفر کی جیت کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ ریال میڈرڈ اپنے گذشتہ 31 میچوں میں ناقابل تسخیر رہا تھا۔
ميچ کے دوسرے ہاف میں ریال کے راموز کو لال کارڈ دکھا کر باہر کر دیا گیا جس کے ان کی ٹیم صرف دس کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی۔
اس کے بارسلونا کے کھلاڑیوں نے ریال پر زبردست دباؤ بنا دیا ميچ کے آخری پانچ منٹ میں بارسلونا کو پینالٹی ملی جسے میسی نے گول میں تبدیل کرکے اپنی ہیٹرک پوری کی اور میچ کو 3-4 سے ٹیم کی جھولی میں ڈال دیا۔



