’میسی کو بیچنے کا ارادہ نہیں بارسلونا میں ہی رہیں گے ‘

،تصویر کا ذریعہAFP
فٹبال کلب بارسلونا کے صدر ہوسیپ ماریا بارتومیو نے کہا ہے کہ سٹار کھلاڑی لیونل میسی برائے فروخت نہیں ہیں اور کلب ان کے ساتھ معاہدے میں تجدید کا ارادہ رکھتا ہے۔
26 سالہ میسی چار مرتبہ ’بیلاں دور‘ انعام جیت چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین میسی کو حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
اس سیزن میں میسی نے بارسلونا کے 36 گولوں میں معاونت کی ہے اور 20 میں سے 16 میچوں میں وہ فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔
ریڈیو سٹیشن ریک 1 سے بات کرتے ہوئے بارتومیو نے کہا کہ کلب ان سے ملاقات کر کے نئے معاہدے کے لیے مذاکرات کرے گا۔
’ہمیں جو کچھ بھی کرنا پڑے گا ہم کریں گے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ انھیں سب سے زیادہ معاوضہ ملے۔‘
گذشتہ سال میسی نے 50 میچوں میں 60 گول کیے تھے تاہم اس سال وہ اپنی فارم برقرار نہیں رکھ سکے ہیں۔ اب تک انھوں نے صرف 18 گول کیے ہیں اور ان میں سے بھی صرف آٹھ لیگ میچوں میں ہیں۔ تاہم انھوں نے 20 میچوں میں 36 گولوں میں مدد کی ہے۔
لیگ میچوں میں انھوں نے آخری گول ستمبر کے مہینے میں کیا تھا جس کے بعد وہ زخمی ہونے کی وجہ سے پانچ ہفتوں کے لیے کھیل نہیں سکے۔
بارسلونا کے کوچ گریگاردو مارٹینو نے کہا کہ میسی سب کچھ کر سکتے ہیں: ’اگر وہ کھیل کے دوسرے حصوں میں کامیاب ہوں تو اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ وہ گول کر رہے ہیں یا نہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ان کے بارے میں مجھے اب کچھ حیران نہیں کرتا۔ وہ میچ پر کنٹرول کرنا جانتے ہیں، گیند کی پاسنگ اچھی کرتے ہیں اور ہر کوشش کو اختتام تک لے کر جاتے ہیں۔‘
’انھیں وہ پاس بھی نظر آ جاتے ہیں جو کہ لوگوں کو عموماً سٹینڈ میں کھڑے ہو کر یا ٹی وی پر میچ دیکھتے ہوئے نظر آتے ہیں۔‘



