میسی اور ان کے والد پر ٹیکس چوری کا الزام

میسی دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں
،تصویر کا کیپشنمیسی دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں

یورپی ملک سپین کی حکومت ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے مشہور فٹبالر ليونل میسی اور ان کے والد کی جانب سے چالیس لاکھ یورو سے زیادہ کے مبینہ فراڈ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

میسی ہسپانوی کلب بارسلونا کی جانب سے بھی کھیلتے ہیں اور سپین کے حکام کے مطابق 25 سالہ میسی اور ان کے والد جارج ہوریشيو پر 2007 سے 2009 کے دوران غلط ٹیکس گوشوراے جمع کروانے کا شبہ ہے۔

چار بار فیفا کے سال کے بہترین فٹ بال کھلاڑی کا اعزاز جیتنے والے میسی نے ان اطلاعات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ان الزامات کو رد کر دیا ہے۔

سمجھا جاتا ہے کہ بارسلونا کلب انہیں تنخواہ کے طور پر سالانہ ایک کروڑ ساٹھ لاکھ یورو دیتا ہے اور یوں وہ دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

اس کے علاوہ میسی نے مختلف اشتہاری کمپنیوں کے ساتھ لاکھوں ڈالر کے معاہدے بھی کر رکھے ہیں اور بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق ان کی کل سالانہ آمدن کا تخمینہ تقریباً 31 ملین یورو لگایا جاتا ہے۔

میسی اور ان کے والد کے خلاف سرکاری وکیل کی دستخط شدہ درخواست بدھ کو گاوا کی عدالت میں پیش کی گئی۔ گاوا بارسلونا کے سب سے متمول علاقوں میں ایک ہے اور میسی یہیں رہتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس درخواست کے عدالت کی طرف سے قبول کیے جانے کے بعد ہی میسی اور ان کے والد پر الزام لگایا جا سکتا ہے۔

میسی اور ان کے والد پر شک ہے کہ انہوں نے میسی کی تصاویر کے استعمال کا حق فروخت کرنے کے لیے بیلیز اور یوراگوئے میں قائم کمپنیوں کو استعمال کیا۔ ان پر الزام ہے کہ اسپین سے باہر قائم کمپنیوں کو استعمال کر کے میسی اور ان کے والد نے ملک کو چالیس لاکھ یورو کا نقصان پہنچایا۔

ہسپانوی خبر رساں ادارے ای ایف ای کے مطابق اگر میسی پر یہ الزام ثابت ہو جاتا ہے تو انہیں چھ برس تک قید اور بھاری جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

ان الزامات پر اپنے ردعمل میں ارجنٹائن کے فٹبالر نے کہا ہے کہ وہ حیران ہیں اور انہیں ان تحقیقات کے بارے میں ذرائع ابلاغ سے ہی پتا چلا ہے۔

انہوں نے فیس بک پر اپنے صفحے پر لکھا ہے کہ ’ہم نے کوئی بےضابطگی نہیں کی۔ ہم نے ہمیشہ ٹیکس کے معاملات میں اپنے مشیروں کے مشورے سے ٹیکس کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں اور یہی مشیر اس صورتحال کی وضاحت کریں گے۔‘

لیونل میسی کے کلب بارسلونا نے اس صورتحال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

میسی نے سنہ 2000 میں 13 برس کی عمر میں بارسلونا فٹبال کلب میں شمولیت اختیار کی تھی اور تین برس بعد وہ ٹیم کا حصہ بنائے گئے تھے۔

لیونل میسی نے بارسلونا کو تین مرتبہ یورپی چیمپیئنز لیگ مقابلے جیتنے میں مدد دی اور گزشتہ سیزن میں انہوں نے اپنے کلب اور آبائی ملک کے لیے ریکارڈ 91 گول کیے تھے۔

فٹبال کی دنیا کے ماہرین ان کا شمار اس کھیل کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں کرتے ہیں۔