رونالڈو سال کے بہترین فٹبالر

،تصویر کا ذریعہAP
ریال میڈرڈ کے سٹار فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو کو مسلسل دوسری بار سال کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز ’بلون ڈی اور‘ سے نوازا گیا ہے۔
پرتگال کے کپتان رونالڈو نے بارسلونا کے لائنل میسی اور بایرن میونخ کے گول کیپر مانوئل نوئر کو ہرا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔
وولفزبرگ اور جرمنی کی مڈفیلڈر ندین کیسلر کو سال کی بہترین خاتون کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ ہامیس رودریگس کے گول کو سال کا بہترین گول مانا گیا۔
جرمنی کے کوچ یواخیم لوو کو بہترین کوچ قرار دیا گیا۔ ان کی قیادت میں جرمنی نے برازیل میں ہونے والا عالمی کپ جیتا تھا۔
کرسٹیانو نے 37.66 فیصد ووٹ حاصل کر کے اپنے سال کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ ارجنٹائن کے لائنل میسی چار سال سے بلون ڈی اور جیتتے چلے آئے تھے اور انھیں گذشتہ سال رونالڈو ہی نے شکست سے ہمکنار کیا تھا۔ میسی کو 15.76 فیصد ووٹ ملے، جب کہ بائرن میونخ کے گول کیپر ان سے کچھ زیادہ پیچھے نہیں تھے جنھوں نے 15.72 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
رونالڈو نے 2014 میں 43 مقابلوں میں 52 گول کیے ہیں۔ وہ اپنا انعام وصول کرتے وقت خاصے جذباتی دکھائی دیے۔
29 سالہ سٹار نے اس موقعے پر کہا: ’میں ان سب لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنھوں نے مجھے ووٹ دیے۔ میرے صدر اور میرے کوچ، اور ریال میڈرڈ۔ یہ سال ناقابلِ فراموش رہا ہے۔ اس کے اختتام پر یہ اعزاز حاصل کرنا انتہائی منفرد ہے۔‘



